نوبال کا نیا قانون

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے نوبال کا نیا قانون متعارف کرایا ہے اور اب اگر کوئی باؤلر گیند کراتے نان اسٹرائیکر اینڈ پر بیلز گرا سے گا تو اسے نوبال قرار دیا جائے گا۔
کرکٹ کی عالمی گرننگ باڈی نے اعلان کیا ہے کہ 30 اپریل سے ٹیسٹ، ایک روزہ میچ اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں اس قانون کا یکساں اطلاق ہو گا۔
آئی سی سی کا یہ نیا قانون پہلی دفعہ بنگلہ دیش اور زمبابوے کے درمیان 3 مئی کو بلاوایو میں کھیلے جانے والے میچ میں لاگو ہو گا۔
آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ جیوف ایلارڈس نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ پہلے آئی سی سی کے قانون کے تحت اگر کوئی باؤلر گیند کراتے ہوئے بیلز گرا دیتا تھا تو اسے "ڈیڈ بال" قرار دیا جاتا تھا جو اس صورتحال سے نمٹنے کا صحیح طریقہ نہیں تھا۔
واضح رہے کہ پرانا قانون اس وقت متنازع بن گیا تھا جن انگلینڈ کے باؤلر اسٹیون فن لگاتار متعدد سیریز میں وکٹوں سے ٹکرائے تھے خصوصاً گزشتہ سال جنوبی کیخلاف سیریز میں یہ واقعات تواتر سے پیش آئے تھے۔
ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ایک موقع پر جنوبی افریقہ کے کپتان گریم اسمتھ نے امپائر سے شکایت کی تھی فن کے بار بار وکٹ سے ٹکرانے کے باعث ان کی توجہ کھیل سے ہٹ رہی ہے، اسمتھ کی شکایت کے بعد امپائر نے ایسی گیندوں کو نوبال قرار دینا شروع کر دیا تھا۔
میریلیبون کرکٹ کلب نوبال کے نئے قانون کو پہلی اکتوبر سے متعارف کرانے کا خواہشمند ہے لیکن آئی سی سی اس قانون کو جلد از جلد لاگو کرنا چاہتا ہے۔
ایلارڈس نے کہا کہ پہلی اکتوبر سے قبل بہت اہم کرکٹ ہونی ہے جس میں چیمپیئنز ٹرافی جیسا اہم ٹورنامنٹ بھی شامل ہے لہٰذا ہم اسے جلد از جلد لاگو کرنا چاہتے ہیں۔











لائیو ٹی وی