دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے سیکریٹری پر تشدد

اسلام آباد: پیر کے روز شام گئے نیو دہلی میں متعین ہندوستان کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکریٹری ضرغام رضا کو نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ اس معاملے پر پاکستان نے ہندوستان سے شدید احتجاج کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شام کے وقت خریداری میں مصروف رضا کو موٹر سائیکلوں پر سوار نا معلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں رضا اور ان کا ڈرائیور زخمی ہو گئے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد نے واقعہ کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے، اور ہندوستانی حکام کو پاکستانی اسٹاف کی سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان کے وزارت خارجہ کے ترجمان عزیز احمد نے این ڈی ٹیلیوژن کے حوالے سے بتایا کہ ہمارے فرسٹ سیکریٹری اور ان کے ڈرائیور اس واقعے میں شدید زخمی ہوئے ہیں، اور ان کو طبی امداد مہیا کی جا رہی ہے، اور واقعہ کی ایف آئی آر بھی درج کرا دی گئی ہے۔
ہندوستانی اور پاکستانی وزارت خارجہ کے حکام سے واقعہ کے حوالے سے فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔
ایک دوسرے ہندی نیوز چینل کیمطابق رضا شدید زخمی نہیں ہوئے ہیں۔
دونوں ملکوں کے تعلقات گزشتہ ہفتوں تناؤ کا شکار رہے ہیں، دونوں جانب سے قیدیوں کی ہلاکت پر ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔
تازہ واقعہ گزشتہ ماہ پیش آیا جب ہندوستانی قیدی اور دہشتگرد کی پاکستانی جیل میں ہلاکت اور پاکستانی قیدی کی ہندوستانی جیل میں تشدد سے ہلاکت ہوئی تھی جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔
تبصرے (1) بند ہیں