عراق میں خود کش حملہ، چھ افراد ہلاک
بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں اتوار کو ایک پولیس اسٹیشن پر خود کش حملہ کیا گیا جسکے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے۔
سیکورٹی اور طبی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ پولیس کے انٹیلیجنس ادارے استکبرات کے قریب پیش آیا جبکہ متاثرہ علاقے کادھیمیا میں زیادہ تر اہل تشیع آبادی بستی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں تین محافظوں سمیت چھ افراد ہلاک جبکہ 22 زخمی ہوئے۔
2006ء اور 2007ء کے فرقہ وارانہ تشدد کے بعد سے عراق میں اس طرح کی واقعات میں کمی آئی ہے تاہم حکومت کو ناکام ثابت کرنے کے لیے عسکریت پسند ابھی بھی سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔
اے ایف پی کو سیکورٹی اور میڈیا ذرائع سے حاصل ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق تشدد کے تازہ واقعات میں مئی کے مہینے میں اب تک حملوں میں 320 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اپریل کے مہینے میں تشدد کے واقعات میں 460 افراد کی اموات واقع ہوئی تھیں۔