وقار یونس ہال آف فیم میں شامل

شائع December 9, 2013
گلکرسٹ اس کلب میں شامل ہونے والے انیسویں مرد آسٹریلیوی کرکٹر ہوں گے۔— وکی پیڈیا فوٹو
گلکرسٹ اس کلب میں شامل ہونے والے انیسویں مرد آسٹریلیوی کرکٹر ہوں گے۔— وکی پیڈیا فوٹو

سڈنی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے لیجنڈ تیز باؤلر وقار یونس اور آسٹریلیوی وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ کو پیر کے روز ہال آف فیم میں شامل کر لیا۔

رواں ہفتے ، یونس اور گلکرسٹ کو اس اعزاز سے نوازا جائے گا۔

آئی سی سی کے مطابق، گلکرسٹ اس کلب کا حصہ بننے والے سترویں جبکہ یونس اکہترویں سٹار ہوں گے جبکہ اس مہینے کے آخر تک مزید دو کھلاڑی بھی اس کلب میں شامل کیے جائیں گے۔

یونس سے پہلے پاکستان سے حنیف محمد، عمران کان، جاوید میانداد اور وسیم اکرم اس خصوصی کلب کا حصہ بن چکے ہیں۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ گلکرسٹ اس کلب میں شامل ہونے والے انیسویں مرد آسٹریلیوی کرکٹر ہوں گے۔

یونس کو بدھ کے روز دبئی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچ جبکہ گلکرسٹ کو جمعہ کے روز پرتھ میں تیسرے ایشز ٹیسٹ کے دوران نوازا جائے گا۔

وقار 2003 میں ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ سے پہلے اپنے کیریئر میں 87 ٹیسٹ میچوں میں 373 جبکہ 262 ایک روزہ مقابلوں میں 416 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

آج کل بطور ٹی وی کمنٹیٹر ذمہ داریاں نبھانے والے سابق کپتان نے اس اعلان کو اپنے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا۔

'میں ان سب لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اس اعزاز کے قابل سمجھا'۔

تین مرتبہ 2007،2003،1999 میں عالمی کپ جیتنے والی آسٹریلیوں ٹیم کے وکٹ کیپر گلکرسٹ نے بھی ہال آف فیم میں شامل کیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔

بیالیس سالہ گلکرسٹ نے ایک جاری بیان میں کہا کہ تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنے ہوم گراؤنڈ کے سامنے یہ اعزاز ملنا ان کے اور ان کے اہل خانہ کے لیے انتہائی خاص موقع ہو گا۔

2008 میں کرکٹ کو الوداع کہنے والے گلکرسٹ نے اپنے بارہ سالہ کیریئر میں96 ٹیسٹ میچ کھیلے۔

اس دوران انہوں نے 5570 رنز بنانے کے علاوہ وکٹوں کے پیچھے 416 بلے بازوں کو شکار بنایا۔

ون ڈے کیریئر میں انہوں نے 287 میچ کھیلے اور 9619 رنز بنانے کے علاوہ 472 بلے بازوں کو اپنا ہدف بنایا۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025