مشرقی وسطی میں پولیو مہم شروع

09 دسمبر 2013
شام میں سامنے آنے والے پولیو مرض کے جراثیم کے نمونوں سے معلوم ہوا ہے کہ ان کی ابتدا پاکستان میں ہوئی جبکہ اسی طرح کے نمونے مصر، اسرائیل، غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کے سیوریج میں بھی پائے گئے۔
فائل فوٹو۔۔۔
شام میں سامنے آنے والے پولیو مرض کے جراثیم کے نمونوں سے معلوم ہوا ہے کہ ان کی ابتدا پاکستان میں ہوئی جبکہ اسی طرح کے نمونے مصر، اسرائیل، غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کے سیوریج میں بھی پائے گئے۔ فائل فوٹو۔۔۔

بیروت: شام میں سترہ پولیو کیس سامنے آنے کے بعدعالمی ادارہ صحت اور یونیسیف نے پیر سے مشرق وسطی میں دو کروڑ تیس لاکھ بچوں کے لئے پولیو ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا۔

ڈبلو ایچ او اور یونیسیف نے مشترکہ بیان میں بتایا کہ خطے کی تاریخ میں یہ اب تک کی سب سے بڑی پولیو مہم ہو گی۔

ڈبلو ایچ او نے بتایا کہ ویکسینیشن مہم مصر، عراق، اردن، لبنان غزہ کی پٹی اور ترکی میں چلائی جائے گی۔

خیال رہے کہ شام میں جاری لڑائی کے باعث مقامی لوگ پڑوسی ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہیں اور ان کی اکثریت لبنان ، اردن، ترکی اور عراق میں موجود ہے۔

یہ مہم 1999کے بعد پہلی مرتبہ شام میں پولیو کیس دریافت ہونے کے بعد شروع کی گئی ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ شام میں کم از کم سترہ بچے پولیو سے معذور ہوئے ہیں جن میں سے پندرہ باغیوں کے زیر اثر مشرقی صوبہ دیرالزور میں ہیں۔

دیگر دو کیس حلب اور دارالحکومت دمشق کے قریب واقع دوما میں سامنےآئے۔

بیان میں کہا گیا کہ مہم کا مقصد جنگ زدہ شام کے بائیس لاکھ بچوں تک پہنچنا ہے جن میں متنازعہ علاقوں میں موجود ویکسینیشن سے محروم رہ جانے والے بچے بھی شامل ہیں۔

لیکن ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شام میں جاری تنازعہ کے باعث بہت سے بچوں تک رسائی مشکل ہو گی۔

ڈبلو ایچ او کی ریجنل ڈائریکٹر آلہ الوان نے کہا کہ شام کے تمام بچوں کو اس بیماری سے تحفظ دینا چاہئے۔

'ہم شام میں جنگ کے تمام فریقوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ چھ مہینوں کے لئے ویکسینیشن مہم جاری رکھنے میں ہماری معاونت کریں تاکہ تمام بچوں تک پہنچا جا سکے'۔

صحت سے متعلق گروہوں نے خطہ میں پولیو کے پھیلنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

شام میں سامنے آنے والے پولیو مرض کے جراثیم کے نمونوں سے معلوم ہوا ہے کہ ان کی ابتدا پاکستان میں ہوئی جبکہ اسی طرح کے نمونے مصر، اسرائیل، غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کے سیوریج میں بھی پائے گئے۔

اسرائیل نے اپنے تئیں بھی پولیو کے خلاف ایک ایمرجنسی مہم شروع کر دی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں