'سری لنکا کیخلاف ریلیکس نہیں ہوسکتے'

شائع December 16, 2013
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق—اے ایف پی فائل فوٹو۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق—اے ایف پی فائل فوٹو۔

شارجہ: ان فارم پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی تاریخی فتح کے بعد سری لنکا کے خلاف بدھ کو پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز کرے گی۔

گرین شرٹس نے گزشتہ ماہ پروٹیز کے خلاف جنوبی افریقہ میں اپنی پہلی ایک روزہ سیریز ریکارڈ کروائی تھی۔ اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں پاکستان کو جنوبی افریقہ ہی کے ہاتھوں چار۔ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کپتان مصباح الحق کی ٹیم اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر براجمان ہے جبکہ ان کی حریف ٹیم چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ مصباح کا کہنا ہے کہ ان کے کھلاڑی پریشر میں اچھا پرفارم کرتے ہیں۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ جنوبی افریقی سیریز جیتنے کے بعد یہ ایک اور مشکل سیریز ہے تاہم کھلاڑی پر اعتماد ہیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ کھلاڑی کامیابی میں تسلسل برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں گے۔

'یہ پاکستان ٹیم کی خاص بات ہے کہ ہم انڈر پریشر اچھا پرفارم کرتے ہیں۔ ہم جنوبی افریقی سیریز سے قبل پریشر میں تھا جبکہ سیریز کے بعد ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ایسی صورت میں ہم بہتر کھیلتے ہیں۔'

تاہم اس موقع پر مصباح کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم ریلیکس نہیں ہوسکتے کیوں سری لنکن ٹیم بھی ان کنڈیشنز سے واقفیت رکھتی ہے۔

پاکستان کا سیریز میں فاسٹ باؤلر محمد عرفان کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے درمیان انجرڈ ہوگئے تھے۔

دوسری جانب سری لنکا کو مہیلا جے وردھنے اور رنگنہ ہیراتھ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز بارش کی نذر ہونے کے باعث سری لنکن ٹیم میچ فٹنس حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے تاہم ان کے کوچ گراہم فورڈ کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے جو کیا جاسکتا ہے، وہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس حوالے سے جو کرسکتے تھے، کررہے ہیں تاہم میچ فٹنس صرف میچ کھیلنے سے ہی حاصل ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اعتبار سے پاکستان کو فائدہ ہوگا اور ان کے پاس بے انتہا ٹیلنٹ رکھنے والے کھلاڑی بھی موجود ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز ایک ۔ ایک سے برابر رہی تھی جبکہ پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز بدھ سے ہوگا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025