فٹنس مسائل: عمر گل ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر

شائع January 2, 2014
گل گزشتہ سال مارچ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے اور مئی میں ان کا آپریشن بھی ہوا —اے پی فائل فوٹو۔
گل گزشتہ سال مارچ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے اور مئی میں ان کا آپریشن بھی ہوا —اے پی فائل فوٹو۔

ابو ظہبی: پاکستان نے جمعرات کے روز فٹنس مسائل کے باعث تیز گیند باز عمر گل کو ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر کردیا ہے۔

انتیس سالہ گل گزشتہ سال مارچ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے اور مئی میں ان کا آپریشن بھی ہوا تھا۔

انہیں حال ہی میں سری لنکا کے خلاف اختتام پذیر ہونے والی ایک روزہ سیریز کے دوران طلب کیا گیا تھا جس کے آخری تین میچ کھیلتے ہوئے انہوں نے مجموعی طور پر سات بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان یہ سیریز تین ۔ دو سے جیتنے میں کامیاب رہا تھا۔

بعدازاں انہیں ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا تاہم پہلے ٹیسٹ کے لیے انہیں پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ گل جلد وطن واپس لوٹ جائیں گے جبکہ یہ فیصلہ ٹیم مینجمنٹ نے فیزیو سے مشورہ کرنے کے بعد لیا جن کا کہنا ہے کہ گل کو لاہور میں مزید ٹریننگ کرنے کی ضرورت ہے۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق گل کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہوئے فٹنس حاصل کریں۔

گل نے اپنے ٹیسٹ کریئر کے دوران 47 میچوں میں 163 وکٹیں لے رکھی ہیں جبکہ 119 ایک روزہ میچوں میں انکی وکٹوں کی تعداد 168 ہے۔

وہ ٹی ٹوئنٹی کے بہترین باؤلروں میں شمار ہوتے ہیں جس میں 52 میچ کھیلتے ہوئے انہوں نے 74 وکٹیں لے رکھی ہیں۔

خیال رہے کہ طویل القامت فاسٹ باؤلر محمد عرفان بھی ان دنوں فٹنس مسائل سے دو چار ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 جون 2025
کارٹون : 20 جون 2025