گل اور حفیظ کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی
لاہور: سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد حفیظ اور عمر گل کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات(یو اے ای) میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
طویل القامت محمد عرفان کو انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ عمر امین اور ذوالفقار بابر ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
محمد حفیظ اور عمر گل کو ایک روزہ میچز کی سیریز میں شاندار کارکردگی کا انعام ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کی صورت میں ملا۔
ایک عرصے سے خراب فارم کا شکار محمد حفیظ کو رواں سال ٹیسٹ میچز کی دس اننگز میں محض 102رنز بنانے پر ٹیسٹ سکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔
لیکن سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار بیٹنگ پرفارمنس کی بدولت انہوں نے ایک بار پھر خود کو ٹیسٹ الیون میں شمولیت کا اہل ثابت کر دیا ہے جہاں اب تک وہ چار میچز میں تین سنچریوں کی مدد سے 407 رنز بنا چکے ہیں۔
انجری کے بعد ٹیم میں واپس آنے والے عمر گل کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے جہاں فاسٹ باؤلر نے آخر ی ٹیسٹ ساؤتھ افریقہ میں میزبان کے خلاف رواں سال کے آغاز میں کھیلا تھا۔
اکتیس دسمبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں محمد طلحہ کی صورت میں ایک نیا نام بھی شامل ہے جنہوں نے سری لنکا ہی کے خلاف 2009 میں ڈیبیو کیا تھا لیکن اس کے بعد سے وہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
سیریز کے لیے مصباح الحق کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، احمد شہزاد، خرم منظور، شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، یونس خان، عدنان اکمل، جنید خان، سعید اجمل، عبدالرحمان، عمر گل، راحت علی اور محمد طلحہ شامل ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 31 دسمبر سے ابو ظہبی میں ہو گا جبکہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 8جنوری اور تیسرا ٹیسٹ 16جنوری کو کھیلا جائے گا۔