'سری لنکا کو شکست دیکر کوچنگ چھوڑنا خواہش'

شائع January 6, 2014
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور—فائل فوٹو۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور—فائل فوٹو۔

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے پیر کے روز سری لنکا کے خلاف فتح کے ساتھ اپنے دور کے اختتام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ان سے جب انکے دو سالہ دور کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف جیت کر کوچنگ چھوڑنا اچھا رہے گا۔

واٹمور کے دور میں پاکستان کوئی بھی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں ناکام رہا ہے تاہم گرین شرٹس نے اس دوران ہندوستان کو ہندوستان اور جنوبی افریقہ کو جنوبی افریقہ میں ہرانے کا اغزاز حاصل کیا۔

واٹمور کے کریئر کا سنہری پل اس وقت آیا جب وہ سری لنکا کو 18 سال قبل ورلڈ کپ جتوانے میں کامیاب رہے۔ 'جس ٹیم کو میں نے چھ سال تک کوچ کیا اور جس ملک میں میں پیدا ہوا، اس کے خلاف جیتنا زبردست ہوگا۔ ان میں سے کچھ کھلاڑی میرے اچھے دوست ہیں لیکن جب بات کھیل کی ہو تو ہم دشمن ہیں۔'

واٹمور سری لنکا میں پیدا ہوئے تھے تاہم انہوں نے آسٹریلیا کے لیے سات ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیلا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابو ظہبی میں کھیلے جانے والا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔ دوسرا ٹیسٹ بدھ سے دبئی میں شروع ہونے جاراہا ہے جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 16 جنوری کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

واٹمور کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم 20 وکٹیں حاصل کرکے میچ جیت سکتی ہے۔

واٹمور نے کہا 'ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ 20 وکٹیں حاصل کریں اور اچھی بلے بازی کریں۔ ہم پہلے ٹیسٹ میں مصباح الحق اور یونس خان کی سنچریوں کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے تھے جس کے باعث ہمیں بڑی سبقت حاصل نہ ہوسکی۔'

کپتان اینجیلو میتھیوز کے کریئر بیسٹ 157 رنز کی بدولت سری لنکا پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ بچانے میں کامیاب رہا تھا۔

پاکستانی کوچ کے مطابق سعید اجمل کا دوسری اننگ کے دوران کوئی وکٹ حاصل نہ کرنا کوئی پریشان کن بات نہیں۔

'میرے خیال سے یہ کوئی پریشان کن بات نہیں۔ مخالف ٹیم کی جانب سے بہترین بیٹنگ اور وکٹ سے کوئی مدد نہ ملنا اس کی بہت بڑی وجہ تھی۔'

پاکستان امید کرے گا کہ دبئی کی وکٹ اسکے اسپنرز کو مدد فراہم کریں گے جبکہ عبدالرحمان کی پلیئنگ الیون میں شمولیت کا امکان بھی موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 جون 2025
کارٹون : 17 جون 2025