نواب شاہ: اسکول وین اور ٹرالر میں ٹکراؤ، 21 ہلاک

شائع January 15, 2014 اپ ڈیٹ January 16, 2014
واقعے میں متاثر ہونے والی ایک بچی کا شناختی کارڈ—آئی این پی فوٹو۔
واقعے میں متاثر ہونے والی ایک بچی کا شناختی کارڈ—آئی این پی فوٹو۔

نوابشاہ: نوابشاہ کے قریب ایک سکول وین اور ٹرالر میں تصادم سے اساتذہ سمیت 21 طلبا و طالبات ہلاک ہوگئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق برائٹ فیوچر اسکول کی وین ایک ٹرالر سے اس وقت سامنے سے ٹکرا گئی جب وہ قاضی احمد روڈ پر بے نظیر شہید گرلز کالج کے سامنے سے گزر رہی تھی۔

دونوں سواریوں کے درمیان اس ہولناک تصادم سے 18 طلبا و طالبات اور تین ٹیچرز موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ جبکہ 11 کو شدید زخمی حالت میں تقریبا ً ایک کلومیٹر دور پیپلز میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

زخمی ہونے والوں میں سے چھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ ( آئی سی یو) میں منتقل کردیا گیا ہے۔

سول ہسپتال نواب شاہ کے سربراہ ڈاکٹر ہاشم لانگا نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو واقعے میں 21 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے 19 بچے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی عمریں پانچ سے سولہ سال کے درمیان ہیں۔

ادھر سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے بچوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

وین میں کل 32 افراد سوار تھے۔ حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ وین ڈرائیور کو بھی زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پیپلز میڈیکل کالج ہسپتال سول ہسپتال بھی کہلاتا ہے۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔

اس سے قبل فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

' ہم تفتیش کررہے ہیں کہ حادثے کی وجہ کیا ہے جو کسی ایک ڈرائیور کی غفلت ہی ہوسکتی ہے،' سینیئر پولیس افسر آصف علی پیچوہو نے کہا۔

صدرِ مملکت ممنون حسین نے حادثے میں ہلاک ہونے والے بچوں اور اساتذہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

صدر نے ان طلبا و طالبات کے والدین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان میں ٹریفک حادثات ہونا ایک عام بات ہے جہاں قوانین پر کم ہی سختی سے عمل درآمد کروائی جاتی ہے جبکہ پیشتر سڑکوں کی حالت بھی انتہائی خراب ہوتی ہے۔

نواب شاہ سے ارشد علی کی اضافی رپورٹنگ کے ساتھ—

کارٹون

کارٹون : 24 جون 2025
کارٹون : 23 جون 2025