سلمان اداکاری پر فکرمند

25 جنوری 2014
بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان۔- اے ایف پی فوٹو
بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان۔- اے ایف پی فوٹو

بولی وڈ کو متعدد کامیاب فلمیں دینے والے دبنگ ہیرو سلمان خان کا کہنا ہے کہ ان کی اداکاری اور ڈانس میں اب بھی کمزوریاں ہیں جن پر قابو پانے کے لئے انہیں محنت کی ضرورت ہے۔

ممبئی میں جاری کلچرل شو میں سلمان خان اور 'جے ہو' کی ہیروئن ڈیزی شاہ نے فلم کے گانوں پر پرفارم کیا، ان کے ساتھ ساتھ دیگر فنکار بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

اس موقع پر سلمان نے بتایا کہ انہیں ڈانس، اداکاری اور خود پر محنت کرنے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے وہ جس حد تک ممکن ہے محنت کر بھی رہے ہیں۔

دبنگ خان کا کہنا تھا کہ ان کی فلموں کو کافی پسند کیا جا تا ہے، شائقین کو میری تمام چیزیں بہتر نظر آتی ہیں تاہم میں اپنی خامیوں پر قابو پا کر انہیں مزید کم کرنا چاہتا ہوں کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ میرے ڈانس اور اداکاری میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔

واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم 'جے ہو' گزشتہ روز ہندوستان اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی گئی ہے۔

سلمان خان میجر جے اگنی ہوتری کا کردار نبھار ہے ہیں جو معاشرے سے کرپشن اور نا انصافی کا خاتمہ چاہتا ہے 'جے ہو' دو ہزار دس میں ریلیز ہونے والی تامل فلم اسٹالن کا سیکوئل ہے۔

اس فلم میں سلمان کے ساتھ ڈیزی شاہ اور ثناء خان نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں جبکہ سنیل شیٹھی اور تبو بھی اہم کرداروں میں جلوہ گر ہیں۔

خان کا کہنا تھا کہ ان کی فلم کو امید سے زیادہ پذیرائی مل رہی ہے اور انھیں خوشی ہے کہ فلم کے ذریعے جو پیغام وہ لوگوں کو دینا چاہتے تھے وہ اس میں کامیاب رہے ہیں۔

اس فلم کے حوالے سےدبنگ خان تھوڑے نروس بھی دکھائی دیتے ہیں تاہم فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ سلمان خان کی 'جے ہو' با آسانی تین سو کروڑ کا ہدف حاصل کرلے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں