بنگلہ دیش: ایتھیسٹ بلاگر کا قتل، ملزمان گرفتار
ڈھاکہ: بنگلہ دیشی پولیس نے ایک مبینہ ایتھیسٹ بلاگر کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں نامور یونیورسٹی کے سات طالب علموں اور ایک عالم دین پر فرد جرم عائد کردی ہے۔
ان طالب علموں پر 35 سالہ احمد رجیب حیدر کو ڈھاکہ میں گزشتہ فروری میں گھر کے قریب ہلاک کرنے کا الزام ہے۔
پولیس نے ڈھاکہ کی ایک مسجد سے ایک امام کو بھی گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے ہی طالب علموں کو ایتھیسٹ بلاگر کو قتل کرنے پر اکسایا تھا۔
ڈھاکہ پولیس کے ڈپٹی کمشنر مسعود الرحمان نے اے ایف پی کو بتایا 'انہوں نے انہیں اسلام اور پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف لکھنے پر قتل کیا۔'
انہوں نے کہا 'یہ طالب علم محمد پور مسجد میں خطبے سننے جایا کرتے تھے۔ انہوں نے قتل کرنے کی حوصلہ افزائی انہی خطبوں سے حاصل کی۔' پولیس کا کہنا ہے کہ حیدر کے سر پر کلہاڑی کے وار کے نشانات ملے جو کہ بظاہر ان کا سرقلم کرنے کی کوشش تھی۔
رحمان کا کہنا ہے کہ سات میں سے چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور وہ اس وقت جیل میں ہیں۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں بلاگرز پر ہونے والا یہ دوسرا حملہ تھا۔ گزشتہ سال جنوری میں بھی اسی طرح کے خیالات رکھنے والے بلاگر پر تین افراد نے چاقیوں سے حملہ کرکے ہلاک کردیا تھا۔