لاہور: پاکستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ اس ہفتے کے اختتام تک جاری رہے گا، جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بدھ سے بارشوں کا ایک اور سسٹم ملک میں داخل ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز منگل کو بتایا کہ مغرب کی جانب سے آنے والا یہ نیا سسٹم آج بدھ کے روز شمالی بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث صوبہ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، بلائی پنجاب، اسلام آباد اور کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں می جمعرات اور جمعہ کو مزید بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔

گزشتہ ہفتے سے پیر تک پاراچنار میں 176 ملی میٹر، دیر میں ایک سو دو، پٹن میں 93، مالم جبہ 74، کلام 73، سید و شریف 66، گڑھی ڈوپٹہ 55، دروش 54، بالاکوٹ 53، مظفرآباد 51، ایبٹ آباد 43، راولاکوٹ 41، چترال 36، گوادر 29، اسلام آباد 24، تربت 23 اور سب سے کم راولپنڈی میں 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس دوران مالم جبہ میں تین فٹ، استور اور کلام میں 2 اور مری میں ایک اعشاریہ پانچ فٹ برف پڑی۔

ادھر پنجاب کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش سے دھند کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے، تاہم پنجاب کے بعض جنوبی علاقے بہاولپور، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈیرہ غازی خان، خان پور اور ساہیوال اب بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کے بعد پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، اور بلوچستان میں سردی ک شدت میں بھی اضافہ ہوا۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اس نئے سسٹم سے کراچی سمیت سندھ کے اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں