صومالیہ: اقوام متحدہ کے قافلے پر خود کش حملہ، چھ ہلاک
موغادیشو: صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں جمعرات کو ہوائی اڈے کے قریب اقوام متحدہ کے قافلے پر ایک خود کش کار حملے میں کم سے کم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حملے کی ذمہ داری القاعدہ سے وابستہ گروہ شباب نے قبول کی ہے۔
دھماکا ایئر پورٹ کے داخلی راستے پر واقع چیک پوائنٹ کے قریب ہوا جہاں افریقن یونین مشن کے مکانات کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سفارتی مشنوں اور اقوام متحدہ کے دفاتر بھی ہیں۔
صومالیہ میں اقوام متحدہ کے مشن کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی گاڑیوں کے قافلے کے قریب دھماکا دوپہر کے وقت کیا گیا۔ دھماکے سے اقوام متحدہ کی کار کو نقصان پہنچا ہے تاہم یو این کا عملہ محفوظ ہے۔
جبکہ صومالی سیکورٹی کے چار اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
یو این مشن نے واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے لئے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ایک صومالی پولیس افسر محمد نے اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکے میں کم سے کم چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں، ان میں زیادہ سویلین تھے۔
انہوں نے مذید بتایا کہ واقعے کی تحقیقات ہو رہی ہیں جبکہ انہوں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔
شباب ملٹری کے ترجمان شیخ عبدالعزیز ابو مسعب نے اے ایف پی کو بتایا کہ" یہ کاروائی شباب کی طرف سے کی گئی ہے۔
موغادیشو کے ہوائی اڈے کو محفوظ ترین حصوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جو چیک پوائنٹ اور مسلح گارڈز کے حصار میں ہے۔