ہوائی جہازوں میں 'شُو بموں' سے حملوں کا خطرہ
واشنگٹن: امریکی حکام نے دہشت گرد حملوں سے متعلق ایک ورننگ جاری کی ہے جس کے مطابق امریکہ آنے والی انٹرنیشنل ایئرلائنز نئے ڈیزائن کے جوتوں کو دھماکہ خیز مواد چھپانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے محکمے کی جانب سے ایئرلائنز کو یہ وارننگ انٹیلیجنس رپورٹ کی بنیاد پر جاری کی گئی ہے۔
ایک مقامی ٹی وی چینل این بی سی کا کہنا ہے کہ ایسی انٹیلیجنس اطلاعات ملی ہیں کہ حملہ آور مسافروں کو نشانہ بنانے کے لیے دھماکہ خیز مواد جوتوں میں چھپانے کی کوشش کریں گے۔
حکام نے این بی سی ٹیلیویژن کو بتایا کہ ان اطلاعات کے بعد ہوسکتا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں میں سوار ہونے والے مسافروں کی سخت تلاشی اور خاص نگرانی کی جائے۔
خیال رہے امریکہ میں گیارہ ستمبر 2001ء کے حملوں کے صرف تین مہینے کے بعد پیرس جانے والی ایک پرواز میں رچرڈ ریڈ نامی شخص کے جوتوں میں سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا تھا۔
اس واقعہ کے بعد سے اکثر ایئرپورٹس نے مسافروں کی تلاشی کے دوران ان کے جوتوں کی تلاشی کو لازمی قرار دے دیا تھا۔
معروف امریکی ٹی وی نیٹ ورک سی این این نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ انٹیلیجنس ایجنسیوں کو حاصل ہونے والی ان اطلاعات کے مطابق شدت پسند گروپس نئے طرز کے بموں کی منصوبہ سازی کررہے ہیں جن میں جوتوں کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ٹی وی چینل این بی سی کو حکام نے بتایا ہے کہ ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہوسکی ہے کہ آیا یہ منصوبہ خاص طور پر کس ملک کی ایئر لائنز کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔
ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے حکام ان نئے شدت پسند خطرات کے بارے میں کسی بھی مخصوص ملک کی ائیر لائن کا نام لینے سے گریزاں ہیں۔
تاہم حکام نے ایک اور ٹی وی چینل سی بی ایس کو بتایا ہے کہ ان اطلاعات کے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
یاد رہے رہے کہ اس سے قبل امریکی حکام نے خبردار کیا تھا کہ شدت پسند اپنی کارروائیوں میں ٹوتھ پیسٹ کی ٹیوب کا استعمال کرسکتے ہیں۔