ملائیشن ایئرلائنز کا مسافر طیارہ ویتنامی حدود میں گر کر تباہ

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2014
ملائیشین ایئرلائنز کے بوئنگ 777-200  پر  دو سو انتالیس مسافرسوار تھے اور یہ کوالالمپور سے بیجنگ جارہا تھا۔ —. فائل فوٹو
ملائیشین ایئرلائنز کے بوئنگ 777-200 پر دو سو انتالیس مسافرسوار تھے اور یہ کوالالمپور سے بیجنگ جارہا تھا۔ —. فائل فوٹو

کوالالمپور: ملائیشین ایئرلائنز کا ایک بوئنگ 777-2 مسافر طیارہ ویتنام کی حدود میں سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔

تاہم ملائیشین ایئر لائنز نے ابھی تک اس طیارے کے گر جانے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

ویتنام کے سرکاری میڈیا نے ایک نیوی عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے میں دو سو انتالیس مسافر اور بارہ عملے کے افراد سوار تھے اور یہ کوالالمپور سے بیجنگ جارہا تھا۔

میڈیا رپورٹس میں ویتنام کے ایک ایڈمرل این جی او وان فاٹ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حادثے کے بعد موقع پر امدای ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔

ایئر لائنز حکام نے اس پہلے ایک بیان میں کہا تھا کہ ابھی تک ان کے پاس اسی کوئی معلومات نہیں ہیں کہ یہ طیارہ اس وقت کہاں پر ہے۔

دوسری طرف کچھ ایسی افواہیں گردش کررہی تھیں کہ طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا ہے۔

اگر یہ رپورٹ درست ہے تو یہ ملائیشیا کی 19 سالہ فضائی تاریخ کا ایک بدترین حادثہ ہو گا۔

خیال رہے کہ ہفتے کی علی الصبح اس طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

چین کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ لاپتہ ہونے والے طیارے پر سوار مسافروں میں سے ایک سو ساٹھ چینی شہری تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے میں چار امریکی، ملائیشیا کے اڑتیس، انڈونیشیا کے بارہ اور آسٹریلیا کے سات مسافر سوار تھے ۔

ملائیشین ایئر لائنز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایم 370 طیارے کا ہفتہ کو مقامی وقت کے مطابق 02:40 بجے رابطہ منقطع ہو گیا۔ اسے 6:30 بجے بیجنگ پہنچنا تھا۔ کوالالمپور سے پرواز کرنے کے دو گھنٹے بعد ہی یہ طیارہ لاپتہ ہو گیا تھا۔

ملائیشیا ایئر لائنز ملائیشیا کی سرکاری ایئرلائن کمپنی ہے اور یہ ایشیا کی سب سے بڑی ایئرلائن کمپنیوں میں سے ایک ہے ۔ اس ایئرلائنز کے ذریعہ دنیا بھر میں تقریباً 80 مقامات پر جانے کے لیے روزانہ سینتس ہزار مسافر پرواز کرتے ہیں۔

ملائیشین ایئرلائنز کے تقریباً سو طیاروں کے بیڑے میں بوئنگ 777-200 کے پندرہ جیٹ طیارے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں