ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں جھڑپ، پانچ ہلاکتیں
سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں مشتبہ باغیوں کے درمیان جھڑپ میں تین باغی اور دو ہندوستانی فوجی ہلاک ہو گئے۔
پیرا ملٹری افسر نالن پرابھت نے بتایا کہ یہ لڑائی جمعہ کو رات گئے اس وقت شروع ہوئی جب ہندوستانی فوج اور پولیس نے سری نگر سے 55 کلومیٹر جنوب میں واقع گاؤں کریوا ملینو کا گھیراؤ کر کے مشتبہ شدت پسندوں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
پرابھت نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے کا سلسلہ رات کو اس وقت رک گیا جب دو شدت پسند اور ہندوستانی فوج کے افسر سمیت دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔
انہوں نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہفتے کی صبح فائرنگ دوبارہ شروع ہو گئی اور تیسرا شدت پسند مارا گیا جبکہ لڑائی کے دوران جس مکان میں شدت پسندوں نے پناہ لے رکھی تھی وہ تباہ ہو گیا۔
ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ باغی تباہ شدہ مکان کے ملبے سے نکلے اور فوجیوں پر فائرنگ کردی جس سے ایک افسر اور ایک اہلکار ہلاک ہو گیا۔
ابھی تک کسی بھی باغی گروپ کی جانب سے اس جھڑپ کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی۔
اس جھڑپ کے بعد گاؤں اور شوپیاں کے علاقے میں جھڑپیں ہوئی جہاں سینکڑوں علاقہ مکینوں نے فوج پر پتھراؤ کرنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان مخالف نعرے بازی کی لیکن واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔