اسلام آباد: ہندوستانی فوج نے متنازعہ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی علاقے میں پیر کے روز ایک مرتبہ پھر بلااشتعال فائرنگ کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ یعنی آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق ہندوستانی فورسز نے ایل او سی پر بٹل سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان فوج کی جانب سے ہندوستانی فائرنگ کا پھرپور جواب دیا۔

ایل او سی پی پر فائرنگ کے واقعہ کے بعد پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہندوستان نے دوسری مرتبہ لائن آف کنٹرول کی خلاف وزری کی ہے۔

رواں سال پچیس اپریل کو بھی ہندوستان کی جانب سے ایل او سی کے قریب پونچھ سیکٹر میں فائرنگ کی تھی جس میں پاک فوج کے مطابق ماٹر گولوں اور دیگر بھاری اسلحہ بھی استعمال کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ دسمبر 2013ء میں پاکستان اور ہندوستان نے ایل او سی سیز فائر معاہدے 2003 کی پاسداری کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا جس کی گزشتہ سال متعدد بار خلاف ورزی ہوئی تھی۔

ہمالیہ میں واقع کشمیر کا علاقہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تقسیم ہے تاہم دونوں ممالک اپنی حاکمیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں