بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں جمعرات کو سلسلہ وار خود کش حملوں میں 16 زائرین ہلاک ہو گئے۔

عراق میں جاری تشدد کی اس لہر میں اس سال اب تک 3,600 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، عراق میں موجودہ خونریزی دو ہزار آٹھ کی سطح سے بھی زیادہ ہے جب ملک فرقہ وارانہ تشدد کی آگ میں جل رہا تھا۔

بغداد کے مغرب میں واقع منصور محلے میں عبایا پہنے ہوئے ایک خود کش حملہ آوار نے زائرین کے درمیان اپنےآپ کو دھماکے سے اڑا لیا۔

پولیس کرنل اور طبی ذرائع کے مطابق دھماکے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوئے ہیں۔

ایک اور خود کش حملہ آور نےمرکزی بغداد میں واقع باب الشارجی میں اپنے آپ کو کار سمیت دھماکے سے اڑا لیا۔ اس کے علاوہ بغداد کے شمال میں کار بم دھماکے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

اب تک کسی گروہ نے ان دھماکوں کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم القاعدہ سے وابستہ جنگجو گروہوں نے عراقی شیعہ حکومت کیخلاف کئی اہم کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے جن میں سیکیورٹی فورسز، حکومتی اداروں اور سیاسی شخصیات پر حملے اور بم دھماکے شامل ہیں ۔

تبصرے (0) بند ہیں