اہم بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ممکنہ دہشت گردی کا خطرہ

شائع July 4, 2014
فرانس کا اورلے انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جہاں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کی امریکی وارننگ کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے—۔فوٹو اے ایف پی
فرانس کا اورلے انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جہاں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کی امریکی وارننگ کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے—۔فوٹو اے ایف پی

نیویارک: امریکا نے ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر دُنیا بھر میں ایک درجن سے زائد ایئرپورٹس کو سیکیورٹی میں اضافے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔

ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ان میں مشرقِ وسطیٰ کے وہ ایئرپورٹس بھی شامل ہیں جہاں سے پاکستانیوں کی بڑی تعداد یورپ اور امریکا کے لیے سفر کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اپنے انتباہ میں کہا ہے کہ دہشت گرد ان ایئرپورٹس کو مغربی اہداف پر حملے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

اس انتباہ کے بعد متعلقہ حکام ان ایئرپورٹس پر سیکیورٹی کو مزید سخت کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ میں امریکی میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس فہرست میں مشرق وسطیٰ، یورپ اورافریقا کے ایئرپورٹس شامل ہیں۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان سیکیورٹی اقدامات سے پاکستانی شہری زیادہ متاثر ہوں گے، کیونکہ وہ امریکا اور یورپی ممالک جانے کے لیے مشرق وسطٰی بالخصوص خلیجی ممالک کے ایئرپورٹس کا زیادہ تر استعمال کرتے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی ایئرپورٹ پرجہاں امریکا کی جانب سے بھارتی اور پاکستانی مسافروں کے لیے پہلے ہی خصوصی کاؤنٹر قائم ہے، اب وہاں دھماکا خیزمواد کی اسکریننگ کے لیے بھی اضافی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

امریکی جاسوس اداروں کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ہوائی جہازوں کے ذریعے دیسی ساختہ بم لانے کامنصوبہ بنارہے ہیں، جس کے بعد ایئرپورٹس پرسیکیورٹی کے اقدامات بڑھانے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق الجیریا میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی ہے کہ دہشت گرد گروپ الجیریا کے دارلحکومت میں ایک امریکی برانڈڈ ہوٹل کے قریب تخریبی کارروائی کر سکتے ہیں۔

امریکی سفارتخانے کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں سفارتخانے کے ملازمین کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ چار جولائی کو امریکی یومِ آزادی اور پانچ جولائی کو الجیریا کے یومِ آزادی کے موقع پر امریکی ہوٹلوں میں جانے سے گریز کریں۔

خبر رساں ادارہ رائٹرز لکھتا ہے کہ جمعرات کو یوگنڈا میں موجود امریکی سفارتخانے کی طرف سے کمپالا کے قریب اینٹیبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نامعلوم دہشت گرد گروپ کی جانب سے حملے کا نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے بھی خبردار کیا گیا تھا۔

امریکی حکام کے مطابق ممکنہ حملوں کے خطرے کے پیشِ نظر بیرونِ ممالک سے آنے والی پروازوں کی اسکریننگ کو سخت کردیا گیا ہے۔

فرانس نے بھی امریکی درخواست پر اپنے ایئرپورٹس پر سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانس کے چارلس ڈی گاؤلے اور اورلے سمیت دیگر ایئرپورٹ پر بھی سیکیورٹی کے انتظامات میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق برطانیہ اور بیلجیئم نے بھی اپنے ایئرپورٹس پر اسکریننگ کے نظام کو مزید سخت کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 جون 2025
کارٹون : 23 جون 2025