غزہ: اسرائیلی آپریشن میں اب تک اٹھائیس فلسطینی ہلاک

شائع July 9, 2014 اپ ڈیٹ July 12, 2014
غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی فضائی کارروائی کے بعد ایک عمارت سے دھواں اٹھ رہا ہے—۔فوٹو اے پی
غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی فضائی کارروائی کے بعد ایک عمارت سے دھواں اٹھ رہا ہے—۔فوٹو اے پی

غزہ: اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر جاری فضائی کارروائی کے دوسرے روز اب تک اٹھائیس فلسطینی ہلاک جبکہ سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے فلسطینی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ بدھ کو غزہ کی پٹی ميں اسرائيلی فوج کے آپريشن کے دوران کم از کم چوبیس فلسطینی ہلاک ہوگئے۔

جبکہ اسرائيلی فوج نے تازہ کارروائی میں حماس کے چار کارکنوں کو ہلاک کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

فوج کے مطابق حماس کے یہ کارکنان اسرائیلی سمندری حدود کے قریب پہنچ کر ایک فوجی اڈّے کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

رائٹرز کے مطابق اس طرح منگل کی صبح سے شروع کیے گئے اسرائیلی فوج کے آپریشن پروٹیکٹو ایج میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اٹھائیس ہو گئی ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے کی جانے والی کارروائی میں سو سے زائد فلسطینی شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب حماس نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی شہروں یروشلم اور تل ابیب پر حملے کیے ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر فضائی کارروائی کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے اور فلسطینی رہنماؤں نے عالمی برادری سے اسرائیلی مظالم کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

فلسطین کے صدر محمود عباس نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا آپریشن فوری بند کرے۔

منگل کی رات ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ 'ہم عالمی اداروں سے فلسطینی عوام کی حفاظت کے حوالے سے درخواست کرتے ہیں'۔

دوسری جانب اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ بمباری حماس کے اسلامک شدت پسندوں کے خلاف طویل آپریشن کا محض آغاز ہے۔

اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے منگل کو کہا ہے کہ 'اسرائیل اپنے شہروں اور قصبوں پر راکٹ حملوں کو قطعاً برداشت نہیں کرے گا'۔

اسرائیلی حکام کے مطابق حماس کے راکٹ حملوں نے اسرائیل کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔

ترجمان اشرف القدرا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے آپریشن کے دوسرے روز بدھ کو غزہ کے جنوب میں بیت حنون کے علاقے میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسلامک جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کا کمانڈر اپنے والدین، ایک خاتون اور دو بچوں سمیت ہلاک ہو گیا۔

بدھ کی صبح جنوبی شہر رفاہ میں ہونے والے ایک تازہ حملے میں ایک نوجوان خاتون کی ہلاکت کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔

دوسری جانب حماس نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینی شہریوں پر مظالم سے باز نہ آیا تو وہ جوابی کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق حماس کی جانب سے اسرائیل پر 160راکٹ داغے گئے، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اُس نے غزہ کی پٹی میں تقریباً پچاس مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2025
کارٹون : 2 جولائی 2025