لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے صوبے میں پُرتشدد کارروائیوں کو روکنے کے لیے کیے گئے حکومتی ’اقدامات‘ کے باعث عوام کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت کا اظہار کیا ہے۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہیں صوبے کے عوام کے مسائل کا ادراک تھا، خاص طور پر ان لوگوں کی مشکلات کا جنہوں نے صوبے میں ایک شہر سے دوسرے شہر سفر کرنا تھا، لیکن داخلی راستے بند ہونے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ اقدامات مجبوراً اٹھائے ہیں، کیوں کہ کوئی بھی حکومت انتشار پھیلانے والے عناصر کو عوام کی جان و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے کارکنوں کی جانب سے سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اسٹیشنز کو آگ لگانے کے ساتھ ساتھ اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بناکر موت کے گھاٹ اتارنے جیسے اقدامات نے یہ ثابت کردیا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے اگر ایسے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو امن و امان کے دشمن تشدد اور لا قانونیت کی تمام حدیں پار کر جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں