میں باغی ہوں
ہاں ہاں میں باغی ہوں!
مجھے اسٹیٹس کو نہیں، تبدیلی چاہیے!
تنگ آگیا ہوں اس وی آئی پی کلچر سے!
بالکل ٹھیک ہوا رحمان ملک کے ساتھ، تمام سیاست دانوں کو اسی طرح ایک ایک کر کے نکال باہر کرنا چاہیے-
لوٹ لیا ہے ان حکمرانوں نے اس ملک کو-
نا یہاں پانی ہے نا بجلی،
نہ نوکری اور نا ہی سیکورٹی-
یہاں سب کرپٹ ہیں!
ڈوب مرنا چاہیے ایسے حکمرانوں کو جو عوام کے پیسے پر عیش کر رہے ہیں-
عوام سسک سسک کر زندگی گزارتی ہے، بھوکوں مرتی ہے اور یہ اپنے عالیشان گھروں میں آرام کی نیند سوتے ہیں-
لوگ سیلاب اورقحط سے مرے جاتے ہیں اور یہ لیڈر ہیلی کاپٹروں پر سوار بس ایک نظر ڈال کر، تصویریں بنوا کر چلتے بنتے ہیں- کیا اسی پاکستان کے لیے ہمارے آبا و اجداد نے قربانیاں دیں؟
کیا یہی وہ اسلامی ریاست ہے جس کا خواب اقبٓال نے دیکھا تھا؟
اس ملک میں کہیں قانون کی حکمرانی نہیں، ہر جگہ لوٹ مار مچی ہے- کسی کو قانون کا پاس نہیں-
میں احتجاج کروں گا! دھرنا دوں گا! ایک ایک ایم این اے کو گریبان سے پکڑ کر، گھسیٹ کے پارلیمنٹ سے باہر لاؤں گا- سول نافرمانی کروں گا- کوئی بل ادا نہیں کروں گا، نا ہی ٹیکس نہیں دوں گا-
بس ایک بار تبدیلی آجائے پھر دیکھنا، نہیں چلے گا یہ وی آئی پی کلچر! کہیں خاندانی سیاست نہیں چلے گی!
سب کو جواب دینا ہوگا- سب کا احتساب ہوگا-
کوئی نہیں بچے گا- جس جس نے عوام کا حق مارا ہے- جس جس نے قانون شکنی کی ہے سب کا احتساب ہوگا-
بس وقت قریب ہے- جنونیوں کا جنون زوروں پر ہے- انقلاب آیا ہی چاہتا ہے- تبدیلی آئے گی نہیں، تبدیلی آگئی ہے!
کیا کہا؟؟ میں نے سگنل توڑ دیا؟ ارے توکونسی قیامت آگئی، یہاں سب ہی ٹریفک سگنل توڑتے ہیں ….ہونہہ !!
تبصرے (3) بند ہیں