وزیراعظم کی امریکی نائب صدر سے ملاقات، تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2014
امریکا کے نائب صدر جوئے بائیڈن نے اس ملاقات میں نواز شریف کو یقین دلایا کہ پاکستان کی کامیابی ہماری کامیابی ہے۔ —. فوٹو اے ایف پی
امریکا کے نائب صدر جوئے بائیڈن نے اس ملاقات میں نواز شریف کو یقین دلایا کہ پاکستان کی کامیابی ہماری کامیابی ہے۔ —. فوٹو اے ایف پی

نیویارک: وزیراعظم نوازشریف دورۂ امریکہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں، اس سے قبل انہوں نے امریکی نائب صدر جوئے بائیڈن سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے دوران پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات سمیت مختلف عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین توانائی، معیشت اور تجارت سمیت دیگرشعبوں کے حوالے سے تعاون میں اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی ہماری کامیابی ہے، پاکستان کی ترقی امریکا کے لیے بھی نہایت اہمیت رکھتی ہے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے امریکا اور پاکستان کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان سے متعلق اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

جوئے بائیڈن نے اقوام متحدہ میں وزیراعظم نواز شریف کی تقریر کو فکر انگیز قرار دیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کے دورہ امریکہ پر بات کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے لاہور معاہدے کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برابری کی بنیاد پر ہندوستان سےتعلقات چاہتا ہے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سیاسی کوششوں کی تائید کرتا رہے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے آپریشن ضرب عضب کسی کی خواہش پر نہیں بلکہ قومی مفاد میں شروع کیا۔ عالمی امن کےلیےپاکستان اپنی کوششیں جاری رکھےگا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا مشترکہ مفادات کے بہت سے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔ پاک امریکا تعاون کے لیے قائم پانچویں ورکنگ گروپ اہم پیشرفت کر رہے ہیں، جس کے تحت امریکا کے ساتھ معیشت اور توانائی میں تعاون وسیع کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں