اسپیکر پی ٹی آئی کے اراکین سے ایک ساتھ ملنے کے لیے رضامند

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2014
ایاز صادق نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ اگر وہ سب مل کر عمران خان کے ہمراہ آنا چاہتے ہیں تو آسکتے ہیں۔ —. فائل فوٹو
ایاز صادق نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ اگر وہ سب مل کر عمران خان کے ہمراہ آنا چاہتے ہیں تو آسکتے ہیں۔ —. فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین اسمبلی سے اکھٹا ملاقات کرنے پر رضامندی کا اظہار کردیا ہے، اس ملاقات کے ذریعے وہ ان اراکین کے استعفے کی تصدیق کرنا چاہتے ہیں۔

اسپیکر نے گزشتہ روز یعنی پیر کو یہاں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر وہ سب مل کر عمران خان کے ہمراہ آنا چاہتے ہیں تو وہ آسکتے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا ’’میں اپنے آفس میں موجود ہوں۔ جو لوگ کہتے ہیں کہ میں آفس میں پایا نہیں جاتا ہوں تو وہ محض بہانے تراش رہے ہیں۔‘‘

اس پریس کانفرنس میں اسپیکر نے جہاں دولتِ مشترکہ کی پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کے لیے کیمرون کے حالیہ دورے کے بارے میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا، وہیں انہوں نے اسی موقع پر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر اراکین اسمبلی کو بھی ان کے استعفوں کی تصدیق کے لیے اپنے آفس میں مدعو کیا۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے چھ دیگر اراکین پارلیمنٹ کو اپنے آفس میں مدعو کیا تھا، اور منگل اور بدھ کے روز ان کے استعفوں کی تصدیق کی تھی۔

بالواسطہ طور پر موجودہ بحران میں میڈیا کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا کو منفی چیزوں کی کوریج نہیں کرنی چاہیے اور صرف مثبت چیزوں کو اُجاگر کرنا چاہیے جس سے ملکی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ اسپیکر نے اس سے پہلے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو ان کے استعفوں کی توثیق کے لیے گروپ کی صورت میں مدعو کرنے کا اعلان کیا تھا، تاکہ اس بات کی تصدیق کی جاسکے کہ وہ اپنی مرضی سے قومی اسمبلی کی نشست چھوڑ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے اسپیکر کے سامنے انفرادی طور پر پیش ہونے سے انکار کردیا، لیکن اسپیکر نے اصرارکیا کہ وہ ذاتی طور پر ان سے ملاقات کرکے ایوان کو چھوڑنے کے لیے ان کے ارادے کی تصدیق کرنا چاہتے ہیں۔

تحریک انصاف کی قیادت کا اصرار تھا کہ اس کے تمام تیس اراکین نے اکھٹے استعفے جمع کرائے تھے، لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ انہیں ایک ہی وقت میں قبول کرلیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں