نئی دہلی: گاندھی خاندان کے سپوت راہول گاندھی اپریل میں ہندوستان کی سب سے پرانی سیاسی جماعت کانگریس کے صدر بن جائیں گے۔

بدھ کو سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق، حالیہ انتخابات میں ناکامیوں کے بعد 130 سالہ پرانی کانگریس اندرونی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے جا رہی ہے۔

ان رپورٹس میں نامعلوم پارٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ کانگریس کے 44 سالہ نائب صدر نئی ذمہ داری سنبھالنے سے قبل ان دنوں خود آگاہی کیلئے دو ہفتوں کی چھٹیوں پر ہیں۔

بدھ کے روز کانگریس کی موجودہ صدر سونیا گاندھی کو یہ عہدہ سنبھالے پورے 15 سالہ مکمل ہو چکے ہیں اور اطلاعات ہیں کہ وہ اپریل میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیشن میں اپنے بیٹے کیلئے کرسی خالی کر دیں گی۔

اطلاعات کے مطابق، کانگریس کے نائب صدر نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورتی عمل مکمل کر لیا ہے۔

این ڈی ٹی وی نیوز پورٹل پر بتایا گیا کہ راہول گاندھی کی تاج پوشی کچھ عرصہ سے متوقع تھی، تاہم یہ خبر ایک ایسے وقت پر سامنے آئی جب بجٹ سیشن کے دوران راہول کے چھٹیوں پر جانے پر پارٹی کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

پیر کو راہول کے چھٹیوں پر جانے کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس رہنماؤں نے بتایا تھا کہ وہ سو چ و بچار کیلئے تنہائی میں کچھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔

پارٹی رہنماؤں نے واضح کیا کہ راہول سیاست سے کنارہ کش نہیں ہو رہے۔

نہرو-گاندھی خاندان کی چوتھی نسل سے تعلق رکھنے والے راہول کو 2013، جے پور میں کانگریس کا نائب صدر بنایا گیا تھا، لیکن یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی پرفارمنس مایوس کن رہی۔

ان کی سربراہی میں گزشتہ الیکشن میں کانگریس کو ملکی تاریخ میں سب سے شرم ناک شکست ہوئی۔

پارٹی کے کچھ حلقوں کا ماننا ہے کہ راہول کو مکمل طور پر پارٹی کنٹرول حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا امیج بہتر بنانا ہو گا ۔

تبصرے (0) بند ہیں