سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا

اپ ڈیٹ 06 مئ 2015
سلمان خان اپنی گاڑی میں عدالت میں پیش ہونے کے لیے آرہے ہیں—۔فوٹو/ اے ایف پی
سلمان خان اپنی گاڑی میں عدالت میں پیش ہونے کے لیے آرہے ہیں—۔فوٹو/ اے ایف پی

ممبئی: ممبئی کی سیشن عدالت نے بولی وڈ اداکار سلمان خان کو ہٹ اینڈ رن کیس 2002 میں مجرم قرار دے کر 5 سال قید اور 25 ہزار جرمانے کی سزا سنادی ہے۔

واضح رہے کہ سلمان خان پر الزام ہے کہ وہ ستمبر 2002 میں ممبئی میں رات کو شراب پی کر گاڑی چلاتے ہوئے کنٹرول کھو بیٹھے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے، بعد ازاں وہ جائے حادثہ سے فرار ہوگئے۔

سلمان خان کے خلاف قتل، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے، املاک کو نقصان پہنچانے اور نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلانے سمیت آٹھ الزمات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عدالت میں کئی برسوں سے جاری سماعت اور قانونی جنگ کے بعد ممبئی کے ایک جج ڈی ڈبلیو دیش پانڈے کی جانب سے بدھ کو اس مقدمے کا فیصلہ سنایا گیا۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ واقعے کے وقت سلمان خان نشے میں تھے اور خود گاڑی چلا رہے تھے اور ان کے خلاف تمام الزامات ثابت ہوگئے ہیں۔

بولی وڈ اداکار سلمان خان کے خلاف فیصلہ سنانے کے موقع پر آج عدالت کے باہر ان کے مداحوں کی کثیر تعداد جمع تھی جبکہ ان کے والد سلیم خان، بھائی سہیل خان، ارباز خان اور بہن ارپتا بھی اپنے شوہر آیوش شرما کے ہمراہ عدالت میں موجود تھیں۔

دوسری جانب بمبئی ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کیے جانے کے بعد عدالت نے سلمان خان کے لیے دو روز کی عارضی ضمانت کی منظوری دے دی ہے۔

'پانی کے سوا کچھ نہیں پیا تھا'

سلمان خان کی سیکیورٹی سے منسلک ایک کانسٹیبل نے کئی برس پہلے پولیس کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ شراب کے نشے میں دھت بولی وڈ اداکار اپنی گاڑی پر کنٹرول اس وقت کھوبیٹھے جب اس کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔

مذکورہ کانسٹیبل جو 2007 میں ٹی بی کے باعث ہلاک ہوگیا تھا، کا کہنا تھا کہ فٹ پاتھ پر کچھ لوگ سو رہے تھے جن پر گاڑی چڑھ گئی، جس کے بعد سلمان اور (ان کے کزن) کمال وہاں سے فرار ہوگئے۔

تاہم سلمان خان کے وکلاء نے جوابی دلیل میں کہا کہ بولی وڈ اسٹار نے اس رات پانی کے سوا کچھ نہیں پیا تھا اور وہ حادثے کے بعد پسنجر ڈور جام ہونے کی وجہ سے ڈرائیور کی سیٹ پر آگئے تھے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ درحقیقت گاڑی کو ہٹانے کے لیے کیا جانے والا آپریشن نوراللہ محبوب شریف نامی شخص کی ہلاکت کا باعث بنا۔

جبکہ سلمان خان کے ڈرائیور اشوک سنگھ نے گزشتہ ماہ عدالت میں بیان دیا تھا کہ حادثے کے وقت وہ گاڑی چلا رہا تھا اور یہ حادثہ بائیں ٹائر کے پھٹنے کے نتیجے میں پیش آیا جس کے باعث اسٹیئرنگ اور بریک کا کنٹرول خراب ہوگیا تھا۔

شیئرز گرنے لگے

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سلمان خان کے خلاف ہٹ اینڈ رن کیس میں جرم ثابت ہونے پر ان کی فاؤنڈیشن 'بینگ ہیومن' (Being Human) کی شراکت دار مندھانہ انڈسٹریز کے شیئرز کی قیمت 3.6 فیصد تک گرگئی، جبکہ بولی وڈ اداکار کی دو فلموں کی عالمی سطح پر پروموشن کرنے والی ایروس انٹرنیشنل کے شیئرز کی قیمت 4 فیصد تک نیچے آگئی۔

فن کاروں کا ردعمل

تبصرے (0) بند ہیں