ایبٹ آباد: خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں بلدیاتی انتخابات کے دوران دھاندلی کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چار کارکن ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

ڈان نیوز کے نمائندے کے مطابق فائرنگ کا واقع ایبٹ آباد کے علاقے فوارہ چوک پر قائم ایک ہوٹل پر پیش آیا۔ فائرنگ سے دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوئے جب کہ دو زخمی ہسپتال میں دم توڑ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہلاک ہونے والے کارکنوں میں بوستان، نذیر، کالا، ذاکرالرحمان شامل ہیں جب کہ زخمی ہونے والے شخص کا نام نوید ہے۔

ہولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں بلدیاتی انتخابات کے دوران ایک حلقے میں پی ٹی آئی اور نوازلیگ کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا تھا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری ساجد سمیت 4 افراد کے خلاف تھانہ کینٹ میں درج کرلیا ہے۔

فائرنگ کے اس واقعے کے بعد شہر میں حالات کشیدہ ہو گئے جب کہ ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے لاشوں کے ہمراہ شاہراہ ریشم پر احتجاج کیا جس کے باعث ٹریفک شدید جام ہو گیا۔

بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کیے جس کے بعد شاہراہ ریشم کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں