'بولی وڈ، ہولی وڈ سے کم نہیں'

اپ ڈیٹ 05 جون 2015
کرٹسی فوٹو۔
کرٹسی فوٹو۔

بولی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ ہولی وڈ وہ اکیلی انڈسٹری نہیں جہاں ہر عمر کے اداکار فلموں میں اداکاری کر سکیں، بولی وڈ بھی ہولی وڈ سے پیچھے نہیں ہے۔

آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں اداکار کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ انہیں ایسا نہیں لگتا کہ بولی وڈ کو کسی اور انڈسٹری سے متا ثر ہونا چاہیئے البتہ ہولی وڈ میں بننے والی فلمز سینما کی کامیاب فلمیں ثابت ہوتی ہیں لیکن بولی وڈ بھی ان سے پیچھے نہیں ہے۔

امیتابھ بچن کا بولی وڈ کے کامیاب ترین اداکار دلیپ کمار، دیو آنند، اشوک کمار کے بارے میں کہنا تھا کہ ان تمام اداکاروں نے انڈین سینما کی فلموں میں اہم اور بہترین کردار ادا کیے ہیں۔

البتہ ان کا کہنا تھا کہ فلم میں ایک اداکار کی محنت دیکھنی چاہیئے نہ کہ اس کی عمر، اگر کسی فلم کی ایسی کہانی ہے جس میں کسی بڑے اداکار کا ہونا ضروری ہے تو اسے اس فلم میں شامل کرنا چاہیئے۔

جہاں بولی وڈ کے کچھ اداکاروں نے ہولی وڈ میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں اوم پوری، امریش پوری، ںصیرالدین شاہ شامل ہیں وہیں امیتابھ بچن نے بھی ہولی وڈ کی فلم 'دا گریٹ گیٹسبی' میں اداکاری کی ہے البتہ اس کے بعد امیتابھ نے ہولی وڈ کی فلم میں مزید کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

فوٹو بشکریہ — آئی بی این لائو
فوٹو بشکریہ — آئی بی این لائو

لیکن امیتابھ بچن نے بولی وڈ کی فلموں میں اب تک اپنا سکہ جمائے رکھا ہے۔

امیتابھ بچن بولی وڈ کی آنے والی فلم 'وزیر' میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ اس فلم میں وہ ایک ایسے معذور آدمی کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو شطرنج کے کھیل میں مہارت رکھتا ہے۔

امیتابھ بچن کا مزید کہنا تھا کہ وہ فلموں میں اپنے کردار نہیں چنتے، بلکہ کردار انہیں چنتے ہیں۔ لیکن وہ اپنے ہدایت کاروں کے شکر گزار ہیں کہ انہیں اب بھی ایسے کرداروں کی پیشکش کی جاتی ہیں۔

امیتابھ بچن کی آنے والی فلم 'وزیر' اس سال 11 ستمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں