کابل: طالبان جنگجوافغانستان کے صوبے قندوز کے ضلع چاردارا پر قبضہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق صوبہ قندوز کے کونسل کے سربراہ محمد یوسف ایوبی کا کہنا ہے کہ دو روز کی لڑائی کے بعد طالبان جنگجو ضلع چاردادا کا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

ایوبی کا کہنا ہے کہ ’اس وقت علاقے میں شدید لڑائی جاری ہے اور مقامی افراد جن میں بچے اور عورتیں شامل ہے علاقے سے نقل مکانی کررہے ہیں‘۔

انھوں نے مزید بتایا کہ صوبہ قندوز کے دارالحکومت قندوز میں بھاری اور ہلکے ہتھیاروں کے چلنے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

صوبائی پولیس چیف کے ترجمان سعید سرور حسینی نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ضلع کا کنڑول دوبارہ حاصل کرنے کے لئے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: افغانستان میں بم دھماکا،ایک ہی خاندان کے 14 افراد ہلاک

حسینی نے مزید بتایا ہے کہ گذشتہ روز ضلع چاردادا میں ہونے والی لڑائی کے دوران افغان سیکیورٹی فورسز کے 3 اہلکار ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ لڑائی میں 17 طالبان جنگجو ہلاک اور 20 زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک ای میل بیان کے ذریعے ضلع چاردارا پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ لڑائی میں افغان سیکیورٹی فورسز کا بھاری نقصان ہوا ہے۔

تاہم افغان وزارت داخلہ نے جاری بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر طالبان کی جانب سے قبضہ کیے جانے والے صوبہ بدخشاں کے شمالی ضلع یمگن کا کنڑول افغان سیکیورٹی فورسز نے دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال کے آخر میں افغانستان سے امریکی اور دیگر غیر ملکی افواج کے انخلاء کے بعد افغان فوج اور پولیس کو طالبان کی کارروائیوں میں بڑے جانی نقصان کا سامنا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں