ماورا حسین ایک بار پھر خبروں میں واپس آگئی ہیں مگر اس بار شان شاہد، فینٹم یا ان کی حالیہ سوشل میڈیا جنگ کی بجائے ان کا بولی وڈ ڈیبیو زیربحث آیا ہے۔

ماورا جس بولی وڈ فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اسے آخر کار نام مل ہی گیا ہے اور وہ ہے ' صنم تیری قسم'۔

لو اسٹوری پر مبنی اس فلم میں ماورا کے ساتھ ہرش وردھن رانے مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ اس کی ہدایات رادھیکا راﺅ اور ونے سپارو کی جوڑی دے رہی ہے جو اس سے قبل لکی، نو ٹائم فار لو جیسی فلمیں بنا چکی ہے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے ماورا نے بتایا کہ وہ فلم کی پروڈکشن کے حوالے سے کچھ زیادہ نہیں بتاسکتیں مگر اس کی کہانی میں کچھ خاص ہے " اس کے بارے میں ابھی بات کرنا قبل از وقت ہوگا، سب تحمل سے کام لیں کیونکہ اچھی چیزوں کے لیے وقت درکار ہوتا ہے"۔

اگرچہ فلم ڈائریکٹر ونے سپارو نے بھی فلم کی تیاری کے حوالے سے چپ سادھ رکھی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ پروڈکشن کا عمل پلاننگ کے مطابق جاری ہے " تاہم ابھی صنم تیری قسم کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہوگا"۔

ڈان کو گزشتہ دنوں دیئے گئے انٹرویو میں ماورا کا کہنا تھا " اب میں بولی وڈ میں داخل ہورہی ہوں جہاں مجھے اداکار کی حیثیت سے نئے جہاں دریافت کرنے ہیں، ہمارے لوگوں کو کسی نئی چیز کرنے کے موقع پر کچھ وقت درکار ہوتا ہے اور ایسا ہی میرے ساتھ شوٹنگ میں ہورہا ہے، میں عام عوام کے ردعمل سے متاثر نہیں تاہم میں اپنے پرستاروں کی جانب سے اتنے زیادہ مثبت ردعمل پیش کرنے پر ان کی شکرگزار ہوں"۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں