کرس گیل پاکستان سپر لیگ کھیلنے کو تیار

اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2015
فوٹو۔۔۔۔ اے  پی
فوٹو۔۔۔۔ اے پی

لاہور : ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے پر رضامند ہوگئے ہیں.

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چئیرمین نجم سیٹھی نے کرس گیل کی پی ایس ایل میں شرکت کی تصدیق ہے.

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ کرس گیل کے ساتھ کافی عرصے سے رابطے میں تھے،ویسٹ انڈین اسٹار کو پاکستان سپر لیگ میں لانے کے لیے بڑی محنت کی.

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر موجود کرس گیل ٹی 20 فارمیٹ میں دنیا میں سب سے زیادہ 8 ہزار 224 رنز بناچکے ہیں جن میں ریکارڈ 16 سینچریاں اور 52 نصف سینچریاں شامل ہیں.

پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چئیرمین نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی کپتان بھی پی ایس ایل کھیلیں گے جب کہ لیگ میں کئی ویسٹ انڈین اور سری لنکن کھلاڑی بھی شامل ہیں.

سیٹھی کا کہنا تھا دنیا کے مزید سپر اسٹار کرکٹرز بھی پاکستان سپر لیگ کا حصہ ہوں گے،اس سلسلے میں کچھ روز میں جنوبی افریقی اور آسٹریلوی کھلاڑیوں کے نام بھی سامنے آئیں گے.

اس ضمن میں یہ بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے ٹی ٹوئنٹی کپتان ڈیرن سیمی،کیرن پولارڈ،ڈوئن براوو سمیت کئی سپر اسٹارز بھی آئندہ سال 4سے 24 فروری تک قطر کے دارالحکومت دوحا میں کھیلی جانے والی کرکٹ لیگ کے پہلے ایڈیشن میں شرکت پر آمادگی ظاہر کرچکے ہیں.

تبصرے (0) بند ہیں