سیکیورٹی خدشات:جرمنی اور نیدرلینڈ کا فٹ بال میچ منسوخ

شائع November 18, 2015
فرانس حملوں کے بعد سیکیورٹی خدشات پر فٹ بال میچ محض 2 گھنٹے قبل منسوخ کیا گیا۔ فوٹو:رائٹرز
فرانس حملوں کے بعد سیکیورٹی خدشات پر فٹ بال میچ محض 2 گھنٹے قبل منسوخ کیا گیا۔ فوٹو:رائٹرز

ہینوور : جرمنی کے شہر ہینوور کے اسٹیڈیم میں بم کی موجودگی کی اطلاع پر جرمنی اور نیدرلینڈ کے درمیان دوستانہ فٹ بال میچ منسوخ کر دیا گیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق جرمنی اور نیدرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ کے آغاز سے محض دو گھنٹے قبل سیکیورٹی کے شدید خطرات کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

49 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے بھی شرکت کرنا تھا۔

جرمنی کے وزیر داخلہ تھامس ڈی میزیر کا کہنا تھا کہ 'میچ میرے کہنے پر منسوخ کیا گیا ، اس وقت جرمنی اور یورپ کو شدید خطرات لاحق ہیں'۔

اسٹیڈیم میں بم حملے کے خطرات کے پیش نظر شائقین کو بغیر کسی افراتفری کے اپنے گھروں کو واپس جانے کی ہدایت کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم کی تلاشی کے دوران دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا اور نہ ہی کسی کو گرفتار کیا گیا۔

میچ کی منسوخی کے بعد جرمن فٹ بال ٹیم کو پولیس کی نگرانی میں رکھا گیا۔

جرمن فٹ بال لیگ کے صدر رینہارڑ روبیل کا کہنا تھا کہ 'جرمنی اور نیدرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ کی منسوخی فٹ بال کے لیے برادن ہے'۔

واضح رہے گزشتہ روز بیلجیئم اور اسپین کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کو بھی سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر منسوخ کردیا گیا تھا۔

تاہم لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں فرانس اور انگلینڈ کا دوستانہ میچ شیڈول کے مطابق کھیلا گیا، جہاں فرانس کا قومی ترانہ گا کر پیرس حملوں میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

واضح رہے 5 روز قبل فرانس میں داعش کے عسکریت پسندوں کے حملوں میں 129 افراد ہلاک اور 350 سے زائد زخمی ہوئے تھے.

یہ بھی پڑھیں : پیرس دھماکوں کے وقت اسٹیڈیم میں کیا ہوا؟

اسی روز پیرس میں جرمنی اور فرانس کے درمیان بین الاقوامی میچ کے دوران اسٹیڈیم کے باہر خود کش حملہ بھی کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 24 جون 2025
کارٹون : 23 جون 2025