ڈونلڈ ٹرمپ صدر نہیں بن سکتے، اوباما

اپ ڈیٹ 17 فروری 2016
امریکا میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ—۔فائل فوٹو/ رائٹرز
امریکا میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ—۔فائل فوٹو/ رائٹرز

واشنگٹن: امریکی صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ امریکی صدارت کی دوڑ میں شامل ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ صدر نہیں بن سکتے کیوں کہ یہ ایک بہت سنجیدہ کام ہے.

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کیلیفورنیا میں آسیان اقتصادی سربراہ اجلاس کے موقع پر صدر براک اوباما کا کہنا تھا، 'ٹرمپ صدر نہیں بن سکتے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ مجھے امریکی عوام پر یقین ہے اور میرا خیال ہے کہ صدارت ایک بہت سنجیدہ نوعیت کا کام ہے'.

براک اوباما کا مزید کہنا تھا ’صدارت کسی ٹی وی ٹاک شو یا رئیلٹی شو کی میزبانی کا نام نہیں، یہ کسی چیز کی تشہیرنہیں اور نہ ہی مارکیٹنگ ہے، یہ ایک بہت مشکل کام ہے'.

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ (صدارت) کوئی ایسی چیز یا کام نہیں ہے، جس کی وجہ سے آپ خبروں کا مرکز بن جائیں، کبھی کبھی آپ کو مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں، وہ فیصلے بھی جنھیں لوگ پسند نہیں کرتے.'

براک اوباما کا کہنا تھا کہ 'امریکی عوام بہت سمجھدار ہیں اور میرا خیال ہے کہ وہ آخر میں کسی سمجھدار انسان کا ہی انتخاب کریں گے'.

امریکی صدارت کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ ایک ارب پتی کاروباری شخصیت ہیں اور فی الوقت وہ دیگر امیدواروں کے مقابلے میں آگے ہیں.

مزید پڑھیں:مسلم مخالف بیان: ٹرمپ کی مشکلات میں اضافہ

ٹرمپ کے کچھ دعوے نہایت ہی عجیب و غریب ہیں،مثلآ زیادہ تر میکسیکن تارکینِ وطن مجرم اور خواتین سے زیادتی کرنے والے ہیں، جبکہ صدر اوباما ایک دوسرے ملک میں جنم لینے والے مسلمان ہیں۔

بعد ازاں کیلی فورنیا میں ایک مسلمان جوڑے کی فائرنگ سے 14 ہلاکتوں کے بعد ٹرمپ نے مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کا بھی مطالبہ کیا تھا، جس پر انہیں دنیا بھر میں زبردست تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں : 9/11 حملوں پر مسلمانوں نے خوشیاں منائیں، ٹرمپ

ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کر رکھا ہے کہ انھوں نے 11 ستمبر 2011 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملوں کے وقت نیوجرسی میں مسلمانوں کو خوشیاں مناتے ہوئے دیکھا تھا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

solani Feb 18, 2016 08:04am
Sadar banna Trumph ke lea mushkil hai, pehle to eno ne sab ka dil tora khas tor per (lower and middle class) . Jin ke voto se Obama sadar bane. Sadar Obama ka khayal bilkul sahi hai.