ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے عمران خان کولکتہ میں
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی نے ان سے ہندوستان کے خلاف میچ سے متعلق مشورہ مانگا ہے لہٰذا وہ ہندوستان پہنچ کر انہیں گُر بتائیں گے۔
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ کے لیے ہندوستان روانہ ہونے سے قبل بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ ہندوستان پہنچنے کے بعد ٹیم سے ملاقات کروں گا، پاک ۔ ہند میچ میں بہت دباؤ ہوتا ہے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے رہنمائی مانگی تھی اس لیے ہندوستان جارہا ہوں جہاں کھلاڑیوں کو بتاؤں گا کہ ہندوستان کے خلاف کس سوچ اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماچل پردیش میں پاکستان کو میچ بالکل نہیں کھیلنا چاہیے تھا کیونکہ ان کے وزیر اعلیٰ کا بیان مہمان نوازی کے خلاف تھا، کولکتہ میں ٹیم کو اچھی پذیرائی ملی جبکہ وہاں کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے ملاقات کی دعوت بھی دی ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ کل کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جائے گا۔
بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ میں 55 رنز سے فتح حاصل کرکے ایک جانب جہاں گرین شرٹس کے حوصلے بلند ہیں، تو دوسری جانب ہندوستان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ ہارنے کے بعد دباؤ میں ہے۔
'اس بار ہندوستان دباؤ میں ہے'
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے بلے بازوں اور باؤلرز کی کارکردگی پر اعتماد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روایتی حریف ہندوستان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بڑے میچ میں پاکستان کے خلاف پہلی دفعہ دباؤ میں ہے۔
کولکتہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ 'ہم حریف ضرور ہیں لیکن اس کو کھیل کے طورپر لیں، ہماری ایک تاریخ ہے جس میں کرکٹ کی تاریخ بھی ہے، پچھلے 50 سالوں میں برصغیر اور پوری دنیا میں کھیلتے رہے ہیں، جتنا یہ گیم دیکھا جاتا ہے شاید کوئی اور گیم دیکھا جاتا ہو، ہمیں اس پر فخر ہونا چاہیے'۔
گاواسکر نے بھی پاکستان کو فیورٹ قرار دیدیا
ادھر عظیم ہندوستان بلے باز سنیل گاواسکر نے گزشتہ روز اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کو فیورٹ قرار دیاتھا۔
گواسکر کا جمعرات کے روز کہنا تھا کہ 'نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد پاکستان کے مقابلے میں ہندوستان پر کافی زیادہ دباؤ ہوگا۔ میرا خیال ہے کہ اس میچ کے لیے پاکستان فیورٹ ہے۔'
انہوں نے کہا کہ اس میچ میں ہر بار کی طرح ہندوستان کی بیٹنگ کا مقابلہ پاکستان کی باؤلنگ سے ہوگا۔
پاکستانی بمقابلہ بنگلہ دیش جھلکیاں:
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔












لائیو ٹی وی