جکارتہ: وسطی انڈونیشیا میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کے باعث گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار 13 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقامی فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ "ہیلی کاپٹر پر 13 فوجی افسران سوار تھے اور ابتدائی رپورٹس کے مطابق تمام فوجی ہلاک ہوگئے ہیں تاہم ہم ان کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں"۔

خیال رہے کہ مذکورہ ہیلی کاپٹر انڈونیشیا کے وسطی علاقے سولاویسی کے ضلع پوسو کے ایک گاؤں میں گر کر تباہ ہوا، جہاں ایک عسکریت پسند گروپ حکومت کے خلاف گوریلا کارروائیوں میں مصروف ہے۔

مزید پڑھیں: انڈونیشیا: جکارتہ میں متعدد دھماکے، 7 افراد ہلاک

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں انڈونیشیا کے متعدد فوجی طیارے حادثے کا شکار ہوتے رہے ہیں۔

گزشتہ ماہ ایک چھوٹا طیارہ ٹیسٹ فلائٹ کے دوران آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا، مذکورہ واقعے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

2015 کے دسمبر میں وسطی جاوا میں ایک فوجی طیارہ حادثے کا شکار ہوا گیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود دونوں ہوا باز ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا میں سی 130 کو حادثہ، 116 افراد ہلاک

گزشتہ سال جون میں ہرکولیس سی-130 میدان کے علاقے میں آبادی پر گرکر تباہ ہوگیا تھا، جس میں 142 افراد ہلاک ہوئے تھے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں