جنید جمشید پر حملہ کرنے والوں کی شناخت ہوگئی
راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مشہور نعت خواں، مبلغ اور سابق گلوکار جنید جمشید پر حملہ کرنے والوں کو شناخت کرلیا گیا.
پولیس نے گرفتاری کے لیے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی مدد سے ان افراد کے کوائف کی تصدیق کی.
ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق تفتیشی افسر سب انسپکٹر راجا ارشد نے بتایا کہ جنید جمشید کی نشاندہی پر 3 افراد کو شاہ فیصل، عرفان اور اختر کے نام سے شناخت کیا گیا اور پولیس ان کے گھروں کے پتے کا تعین کرچکی ہے.
راجا ارشد نے بتایا، 'ہمارے پاس ان افراد کے گھروں کے ایڈریس موجود ہیں اور ایک پولیس ٹیم بھیجی جائے گی تاکہ انھیں الزامات کا سامنا کرنے کے لیے راولپنڈی لایا جاسکے.
اگرچہ پولیس کے پاس ملزمان کے ٹکٹوں کی کاپی موجود ہے تاہم انھوں نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) سے درخواست کی ہے کہ وہ جہاز کے مسافروں کی فہرست فراہم کریں تاکہ ان کے گھر کے پتوں کا تعین کیا جاسکے.
ساتھ ہی پولیس نے نادرا سے بھی ان افراد کے ڈیٹا کی تصدیق کے لیے کہا جبکہ ایئرپورٹ سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جاچکی ہے، جس سے ان افراد کی گرفتاری میں مدد ملے گی.
سب انسپکٹر راجا ارشد کے مطابق، مذکورہ ملزمان کا تعلق کراچی سے ہے جو ممتاز قادری کے چہلم میں شرکت کے لیے راولپنڈی آئے تھے.
یاد رہے کہ جنید جمشید پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آ ئی اے) کی پرواز پی کے 372 سے کراچی سے اسلام آباد پہنچے تھے.
مزید پڑھیں:مزید پڑھیں:جنید جمشید پر مشتعل ہجوم کا حملہ
راجا ارشد نے بتایا کہ حملہ آوروں کو اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ وہ اُسی جہاز میں سفر کر رہے تھے، جس میں جنید جمشید سوار تھے اور انھوں نے ایئرپورٹ پر جنید جمشید پر حملہ کیا.
جنید جمشید پر حملے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب جنید جمشید ایئرپورٹ لاؤنج سے باہر آئے تو لوگوں کے ایک گروپ نے ان پر چلانا شروع کیا، یہ مشتعل افراد مذہبی رہنما کے خلاف نعرے لگا رہے تھے.
حملہ کرنے والے افراد کا دعویٰ تھا کہ جنید جمشید نے اسلام کی مقدس شخصیت کی توہین کی ہے.
ان افراد نے جنید جمشید کو دھکے دیئے اور انھیں گھونسے مارے، جس کے بعد انھیں واپس مسافر لاؤنج میں جانا پڑا.
جس کے بعد وہ اُس وقت تک ڈپٹی ٹرمینل مینیجر کےآفس میں موجود رہے جب تک پولیس نہ پہنچی اور جنید جمشید کو پولیس کی حفاظت میں گھر پہنچایا گیا.
یہ بھی پڑھیں:جنید جمشید پر حملے کا مقدمہ درج
واقعے کا علم ہوتے ہی وزیرِداخلہ چوہدری نثار نے پولیس کو جنید جمشید سے رابطہ کرکے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد جنید جمشید کی درخواست پر ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس میں 506 (دھمکیاں دینے) اور 341 (محبوس رکھنے) کی دفعات شامل کی گئیں تھیں.
خیال رہے کہ جنید جمشید ٹی وی چینلز پر مذہبی پروگرام کرتے رہتے ہیں اور ان پر اسلام کی مقدس شخصیات کی توہین کے الزامات کے تحت مقدمہ بھی درج کیا جاچکا ہے.
جس کے بعد جنید جمشید نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے باقاعدہ ویڈیو پیغام کے ذریعے معافی بھی مانگی تھی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔











لائیو ٹی وی