عامر خان کو میکسیکن باکسر نے ناک آؤٹ کردیا

اپ ڈیٹ 08 مئ 2016
12راونڈزکے مقابلےکا فیصلہ 6رائونڈز میں ہی ہوگیا— فوٹو : اے پی
12راونڈزکے مقابلےکا فیصلہ 6رائونڈز میں ہی ہوگیا— فوٹو : اے پی

لاس ویگاس:پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو میکسیکن باکسر کنیلو الواریز نے مڈل ویٹ میں شکست دے دی۔

امریکا کی ریاست لاس ویگاس میں 25 سالہ کنیلو الوریز اور 29 سالہ عامر خان کے درمیان 12 راونڈز کے مقابلے کا فیصلہ 6 رائونڈ میں ہی ہو گیا۔

ابتدائی راؤنڈز میں عامر خان نے اپنی تیزی کا سہارا لیا اور وہ حریف الواریز پر غالب نظر آئے، چوتھے راؤنڈ تک وہ اسکور کے حساب سے اپنے حریف سے آگے تھے، پانچویں راؤنڈ میں الواریز نے اپنا ربط سنبھالا اور اپنی کارکردگی میں بہتری لائے۔

چھٹے راؤنڈ میں الواریز نے عامر خان کوچہرے پر زور دار پنچ رسید کیا جس سے وہ نہ سنبھل سکے اور رنگ میں لڑکھڑا کر گر گئے۔

ریفری کی گنتی کے باوجود جب عامر خان کھڑے نہ ہوسکے تو کنیلو الواریز کو فاتح قرار دے دیا گیا، عامر خان چھٹا راؤنڈ ختم ہونے سے 23 سیکنڈ قبل ناک آوٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ یہ عامر خان کی پہلی مڈل ویٹ فائٹ تھی جبکہ الواریز نے اپنا مڈل ویٹ ٹائٹل نومبر میں پورٹوریکن مگیول کوٹو کو ہرا کر اپنے نام کیا تھا۔

ماضی میں الواریز کو تیزی سے کھیلنے والوں کے خلاف دشواری کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ عامر خان اپنی تیزی کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، عامر خان نے میچ سے قبل یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ ان کے پاس اتنی طاقت نہیں ہے کہ اپنے حریف کو کوئی خاص چوٹ پہنچا سکیں۔

عامر خان کے مقابلے میں کنیلو الواریز کا وزن دو گنا تھا جبکہ وزن کے ساتھ ساتھ دونوں کی جسمانی ساخت میں بھی کافی فرق تھا۔

فوٹو : رائٹرز
فوٹو : رائٹرز

واضح رہے کہ اس مقابلے کا اعلان 3 ماہ قبل ہوا تھا، جب ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی) کے مڈل ویٹ لائٹ ٹائٹل کے لیے میکسیکو کے باکسر کی فائٹ برطانوی نژادپاکستانی باکسر سے طے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : عامر خان کا عالمی ٹائٹل کے لیے مقابلہ

مقابلے کے بعد عامر خان کا کہنا تھا کہ لائٹر ویٹ مقابلوں میں حصہ لیتا رہوں گا، مڈل ویٹ کو چیلنج سمجھ کر رسک لیا۔

فوٹو : رائٹرز
فوٹو : رائٹرز

عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ چیلنج بہت سخت تھا جبکہ انکار کرنا بھی ممکن نہیں تھا۔

میکسیکن باکسر سے مقابلے کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ اپنی پوری کوشش کی لیکن شکست ہوئی جس پر افسوس ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق لاس ویگاس میں باکسنگ ایرینا میں اس بڑے مقابلے کو دیکھنے کے لیے 20 ہزار سے زائد شائقین موجود تھے۔

فوٹو : رائٹرز
فوٹو : رائٹرز

مزید پڑھیں : عامر خان کی امریکی باکسر کے خلاف کامیابی

خیال رہے کہ عامر خان کے کیریئر کی یہ 35 ویں فائٹ تھی اس سے قابل انہوں نے لائٹ ویلٹر ویٹ اور سلور ویلٹر ویٹ کے 19 مقابلوں میں حریف باکسرز کو ناک آؤٹ کیا تھا جبکہ وہ 34 میں سے 31 فائٹس جیت چکے تھے، یہ ان کی کیریئر کی چوتھی شکست تھی۔

دوسری جانب میکسیکو کے باکسر کنیلو الواریز اس مقابلے سے قبل 48 بار فائیٹ کر چکے تھے جن میں 46 میں کامیابی حاصل ہوئی، 2006 میں ایک فائیٹ ڈرا اور 2013 میں ان کو شکست ہوئی تھی، انہیں اب تک صرف صدی کا سب سے مہنگا باکسنگ مقابلہ جیتنے والے باکسر فلائیڈ مے ویدر سے شکست ہوئی ہے، یہ ان کے کیریئر کی 47ویں فتح تھی، انہوں نے 47 میں سے 33 مقابلے ناک آئوت کی بنیاد پر جیتے۔

فوٹو : رائٹرز
فوٹو : رائٹرز

یہ بھی پڑھیں : 'ٹرمپ صدر بنے تو یہ امریکا میں آخری فائٹ ہو گی'

اس بڑے میچ سے قبل عامر خان نے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی بڑے دلچسپ انداز میں تنقید کا نشانہ بنایاتھا، عامر خان کا کہنا تھا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر بن گئے تو وہ کبھی دوبارہ امریکا میں فائٹ نہیں لڑ سکیں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Khuram Murad May 08, 2016 11:10am
we still love you Amir. u r an inspiration for whole Pakistan. our love and respect for u is beyond boundaries. May Allah Almighty protect u always. Pakistan Zindabaad.