بولی وڈ کے ایکشن اسٹار اکشے کمار کی حال ہی میں ریلیز فلم ’ہاؤس فل 3‘ نے ریلیز کے 2 روز کے اندر اندر 31 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کما کر بڑی کامیابی حاصل کرلی۔

فلم ’ہاؤس فل 3‘ میں اکشے کمار کے ہمراہ جیکولین فرنینڈز، ریتیش دیشمکھ، نرگس فخری، ابھیشیک بچن اور لیزا ہیڈن نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔

فلم کو ہندوستان کی 3 ہزار 700 اسکرینز پر جبکہ دوسرے ممالک میں 670 اسکرینز پر نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

ہندوستانی تجزیہ نگار ترن آدرش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس فلم کی کمائی کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا۔

آدرش کے مطابق فلم نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی روز 15 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کمائے جبکہ دوسرے روز فلم نے 16 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کی کمائی کی۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم ’فین‘ اس سال کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم ثابت ہوئی تھی جس نے ریلیز کے پہلے روز 19 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کا منافع کیا تھا جس کے بعد اکشے کمار کی فلم ’ہاؤس فل 3‘ دوسرے نمبر پر آچکی ہے۔

اس سے قبل اکشے کمار کی فلم ’ایئر لفٹ‘ دوسرے نمبر پر موجود تھی جس نے ریلیز کے پہلے روز 12 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کمائے تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فلم ’ہاؤس فل‘ اور 'ہاؤس فل 2' نے بھی باکس آفس پر اچھی کمائی حاصل کی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں