بجلی کا بل کم کرنے والا فریج پسند کریں گے؟

20 جون 2016
— فوٹو بشکریہ کول ٹیک اپلیکشنز
— فوٹو بشکریہ کول ٹیک اپلیکشنز

فریج ایک ایسی چیز ہے جسے 24 گھنٹے چلانا پڑتا ہے (اگر لوڈشیڈنگ نہ ہو تو) جس کے نتیجے میں وہ بجلی کے بل میں بہت زیادہ اضافے کا باعث بھی بنتا ہے۔

مگر کیا آپ ایسا فریج خریدنا پسند کریں گے جو بجلی کے بل میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست بھی ہو؟

اگر ہاں تو یورپی کمپنی کول ٹیک اپلیکشنز کا یہ نیا فریج آپ ہی کے لیے ہے جس میں مقناطیسی ریفریجریٹنگ سسٹم کو استعمال کیا گیا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ سسٹم فریج کو بغیر کسی گیس کے کام کرنے میں مدد دیتا ہے اور اس کے چلنے سے آواز بھی پیدا نہیں ہوتی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فریج اُن اشیاء کے گرد ایک مقناطیسی میدان بناتا ہے جنھیں ٹھنڈا کرنا ہو، جس کے اثر سے وہ ٹھنڈی ہوجاتی ہیں۔

چونکہ فریج مسلسل بجلی کھینچتے ہیں اور اس وقت دنیا بھر کی 17 فیصد بجلی اس ڈیوائس پر ہی صرف ہوتی ہے تو کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اس کا حل ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ مقناطیس کو توانائی کے ذریعے کی ضرورت نہیں ہوتی لہذا لوگوں کے بجلی کے بل میں نمایاں کمی آئے گی۔

اسی طرح چونکہ یہ ریفریجریٹر گیس کے بغیر چلتا ہے لہذا اس سے فضاء میں ماحول کے لیے نقصان دہ گیسوں کے اخراج کا خطرہ بھی نہیں۔

اس کا مقناطیسی نظام 400 واٹ ریفریجریشن پاور پیدا کرتا ہے اور ڈیوائس کے اندرونی درجہ حرارت کو 35 سے 41 فارن ہائیٹ یا 2-5 سینٹی گریڈ تک رکھتا ہے۔

اور ہاں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس فریج کو زیادہ مرمت کی بھی ضرورت نہیں لہذا صارفین کا یہ خرچہ بھی بچے گا۔

کمپنی کی جانب سے تاحال اس کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں