اسلام آباد: حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے والد اور سابق وزیر انور عزیز چوہدری نے لائیو ٹی وی پروگرام میں اپنے بیٹے اور خاندان کو 'یہودی' کہنے پر اینکر پرسن مبشر لقمان کے خلاف مقامی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا۔

ایڈیشنل سیشن جج راجہ آصف محمود نے مذکورہ مقدمے کی سماعت کی۔

انور عزیز چوہدری کی جانب سے دائر استغاثہ میں موقف اختیار کیا گیا کہ 25 مئی کو ایک نجی ٹی وی 'چینل 24' کے پروگرام 'کھرا سچ' میں میزبان مبشر لقمان نے پروگرام کے آغاز میں ایک 'بڑی خبر' دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما دانیال عزیز ایک یہودی خاندان کے چشم و چراغ اور ایک یہودی خاتون کے بیٹے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل حمزہ صدیقی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مبشر لقمان کے اس بیان سے ان کے موکل اور ان کے پورے خاندان کی عزت مجروح ہوئی ہے۔

حمزہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ان کے موکل 1950 سے سیاسی جماعت میں شامل ہیں، وہ 3 مرتبہ رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں اور اب ان کے صاحبزادے بھی رکن قومی اسمبلی ہیں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ پروگرام 'کھرا سچ' کے میزبان مبشر لقمان نے بغیر کسی ثبوت کے لائیو پروگرام میں ان کے موکل اور ان کے خاندان کو یہودی گھرانے سے جوڑ دیا اور اب ان کے موکل کے علاقہ مکین بھی انھیں یہودی کہتے ہیں۔

دوران سماعت فاضل جج نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کہاں ہے؟

بعدازاں دانیال عزیز کے 86 سالہ والد انور عزیز بھی بیان قلمبند کرانے عدالت پہنچے۔

درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مبشر لقمان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی زیردفعہ 295 اور زیردفعہ 500 کے تحت کارروائی کی جائے۔

عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ عدنان رشید کو انکوائری کے لیے مقدمہ بھیجتے ہوئے حکم دیا کہ استغاثہ کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔

بعدازاں کیس کی سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔

مزید پڑھیں:مبشر لقمان کو ٹی وی پروگرام نہ کرنے کا حکم

واضح رہے کہ مبشر لقمان اس سے قبل بھی متعدد بار پابندیوں اور مقدمات کا سامنا کرچکے ہیں۔

جون 2014 میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے لال مسجد شہداء فاونڈیشن کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مبشر لقمان کو کسی بھی چینل پر پروگرام کرنے سے روک دیا تھا۔

جبکہ جولائی 2014 میں نجی چینل 'اے آر وائی نیوز' پر عدلیہ مخالف پروگرام سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش نہ ہونے پر چینل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) سلمان اقبال اور پروگرام کے میزبان مبشر لقمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں