سعودی عرب دھماکے: آرمی چیف کا سعودی وزیر دفاع سے رابطہ

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2016
مدینہ منورہ میں خودکش دھماکے کے بعد دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے—۔فوٹو/ رائٹرز
مدینہ منورہ میں خودکش دھماکے کے بعد دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے—۔فوٹو/ رائٹرز

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلیفون کرکے سعودیہ میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق آرمی چیف نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

مزید پڑھیں:جدہ: امریکی قونصل خانے کے قریب خودکش دھماکا

دوسری جانب پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی سعودی عرب میں ہونے والے حالیہ حملوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی شدید مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا، 'پاکستانی حکومت اور عوام اس سانحے پر گہرے غم میں ہیں اور معصوم جانوں کے ضیاع پر سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہیں۔'

انھوں نے واقعے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام دکھ کی اس گھڑی میں سعودی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ساتھ ہی انھوں نے سعودی عرب کی حفاظت، سیکیورٹی اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب: قطیف اور مدینہ منورہ میں خود کش دھماکے، 4 ہلاک

نفیس ذکریا نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے موقف کو دہرایا اور کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کا سخت مخالف ہے۔

سعودی عرب میں دھماکے

یاد رہے کہ گذشتہ روز یکے بعد دیگرے 4 دھماکوں نے سعودی عرب کو ہلا دیا تھا۔

پہلا خودکش دھماکا سعودی عرب کے شہر جدہ میں امریکی قونصل خانے کے قریب ہوا، جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کے روکنے پر خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا۔

بعدازاں سعودی عرب کے شہر قطیف اور مدینہ منورہ میں مساجد کے قریب بھی 3 خود کش دھماکے ہوئے، جن کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:'جدہ میں امریکی قونصل خانے پرحملہ کرنے والا پاکستانی تھا'

غیر ملکی خبر رساں اداروں نے عرب نیوز چینل العربیہ کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی اور جنت البقیع کے درمیان قائم سیکیورٹی ہیڈکوارٹر پر ایک خود کش بمبار نے خود کو زور دار دھماکے سے اڑا لیا۔

دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوئے، جن میں ایک خود کش بمبار اور 4 سیکیورٹی گارڈز شامل تھے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے شہر قطیف میں قائم ایک مسجد فراج العمران کے باہر خود کش بمبار نے خود کو زور دھماکے سے اڑایا۔

سعودی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پہلے خود کش دھماکے کے کچھ ہی دیر بعد متاثرہ مسجد کے قریب دوسرا خود کش دھماکا بھی ہوا۔

تاہم ان دونوں دھماکوں کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad kashif munir bhatti Jul 05, 2016 08:09pm
Aik hon muslim Haram ki Pasbani k liay . Neel k Saahil say Taabkhake kashgar. Muslims should be united.