'ثانیہ مرزا ریکٹ کی رانی ہیں'

اپ ڈیٹ 14 جولائ 2016
ثانیہ مرزا اپنی کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر شاہ رخ خان کے ساتھ۔ فوٹو/ اے ایف پی
ثانیہ مرزا اپنی کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر شاہ رخ خان کے ساتھ۔ فوٹو/ اے ایف پی

بولی وڈ اسٹار شاہ رخ خان نے ویمنز ڈبلز کی عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو 'ریکٹ کی رانی' کے خطاب سے نواز دیا ہے۔

ثانیہ مرزا کی کتاب ' ایس اگینسٹ آڈز' کی تقریب رونمائی کے موقع پر شاہ رخ خان نے صھافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں محسوس کرتا ہوں کہ ہم عورتوں کو جتنی عزت اور احترام دیں گے وہ اتنا ہی زیادہ بڑے کارنامے انجام دیں گی جو ثانیہ مرزا جیسے عالمی معیار کے ہوں گے‘۔

بولی وڈ میں بادشاہ تصور کیے جانے والے اسٹار نے کہا کہ ثانیہ 'ریکٹ کی رانی' ہیں، ثانیہ نے ہر کسی سے زیادہ اس ملک کا سر فخر سے بلند کیا، ہم میری کوم، پی ٹی اوشا اور ثانیہ مرزا جیسے لوگوں کو یاد رکھیں گے۔

شاہ رخ خان نے اس موقع پر ثانیہ مرزا پر فلم بنانے کا بھی عندیہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ جب کبھی بھی ثانیہ مرزا پر فلم بنی تو وہ کافی متاثر کن ہو گی اور وہ اس کو پروڈیوس کرنا پسند کریں گے۔

اس موقع پر ثانیہ نے تقریب رونمائی میں شرکت پر شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’کتاب کی رونمائی کیلئے میں اس سے بہتر شخص کے بارے میں نہیں سوچ سکتی، میں نے صرف ان سے درخواست کی تھی کہ وہ اس خاص موقع پر تشریف لائیں اور کتاب کی رونمائی کریں‘۔

اس کتاب میں ثانیہ مرزا نے ویمنز ڈبلز میں عالمی نمبر ایک بننے کے سفر کا ذکر کیا ہے کہ انہیں اس سفر میں کن مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔

تقریب کے دوران ایک سوال کے جواب میں ثانیہ نے کہا کہ بحیثیت ایتھلیٹ ان کیلئے سب سے مشکل وقت 2010 کا سال تھا جب ان کی تیسری سرجری ہوئی اور انہیں لگنے لگا کہ شاید انہیں اب ٹینس کے کھیل سے دور ہونا پڑے، ’یہ میری زندگی کا سب سے سخت لمحہ تھا اور اسی وجہ سے میں دو ماہ تک شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہی‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں