افغانستان: آپریشن میں خود کش جیکٹس پہنی 2 لڑکیاں ہلاک

شائع August 15, 2016
خود کش جیکٹ — فوٹو: بشکریہ فلیکر
خود کش جیکٹ — فوٹو: بشکریہ فلیکر

کابل: افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی صوبے نورستان میں جاری آپریشن کے دوران مبینہ طور پر خود کش جیکٹس پہنی ہوئی 2 لڑکیاں ہلاک ہو گئیں۔

خبر رساں ادارے ’خاما‘ نے افغان وزارت دفاع کے جاری بیان کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ضلع ولسوالی وایگل میں آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے 27 افراد میں مذکورہ لڑکیاں بھی شامل تھیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران دیگر 31 افراد زخمی بھی ہوئے۔

خیال رہے کہ افغان طالبان سمیت حکومت مخالف عناصر نے افغان وزارت دفاع کے مذکورہ دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی اور اب تک یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ ان دونوں لڑکیوں کو کس گروپ نے بھرتی کیا تھا۔

یاد رہے کہ صوبہ نورستان، ان افغان صوبوں میں شامل ہے جہاں حکومت مخالف شورش جاری ہے، پاکستان کے شمال میں واقع قبائلی علاقوں سے منسلک ان صوبوں میں افغان طالبان سمیت دیگر گروپوں کا قبضہ ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ گذشتہ روز یہ خبریں آئیں تھیں کہ افغان طالبان نے صوبہ نورستان کے ضلع ولسوالی وایگل میں حکومتی فورسز کے خلاف مسلح کارروائیاں تیز کردی ہیں، جس کے جواب میں افغان فورسز نے آپریشن کا آغاز کیا۔

افغان طالبان کے خلاف جاری آپریشن میں صوبے کی انتظامیہ نے حکومت سے مزید فوجی رسد بھیجے کا مطالبہ کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 31 دسمبر 2025
کارٹون : 30 دسمبر 2025