اولمپکس میں پہلی ایرانی خاتون کیلئے میڈل

20 اگست 2016
کیمیا ایران کی تاریخ میں اولمپک مقابلوں میں میڈل حاصل کرنے والی پہلی خاتون ہیں—فوٹو: اے ایف پی
کیمیا ایران کی تاریخ میں اولمپک مقابلوں میں میڈل حاصل کرنے والی پہلی خاتون ہیں—فوٹو: اے ایف پی

تہران: ایران کی خاتون ایتھلیٹ کیمیا علی ذادہ ریو میں کانسی کا تمغہ حاصل کرکے اولمپکس مقابلوں میں میڈل حاصل کرنے والی پہلی ایرانی خاتون بن گئیں۔

کیمیا علی زادہ نے ریو اولمپکس میں جوڈو مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا جس پر ایرانی صدر حسن روحانی نے انھیں مبارک باد دی۔

حسن روحانی نے اپنے ٹویٹرپیغام میں کہا کہ 'میری بیٹی کیمیا، تو نے تمام ایرانیوں کو خوش کردیا، میں آپ کی خوشی کے لیے دعاگوہوں'۔

کیمیا علی زادہ نے گزشتہ روزریواولمپکس میں سویڈن کی نیکیتا گلیسنوسٹک کو 1-5 سے شکست دے کر 57 کلوگرام کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

ریواولمپک میں ان کی کامیابی پر ایران کے قدامت پسند حلقوں کی جانب سے بھی خوشی کا اظہار کیا گیا۔

ایران کی خبرایجنسی نے ان کی کامیابی کوتاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'کیمیا جس نے تاریخ رقم کردی' جبکہ کانسی کے تمغے حوالے سے لکھا کہ 'اس کی حیثیت سونے کی جتنی'ہے۔

نوجوان ایتھلیٹ کیمیا نے ایران کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سر کو اسکارف سے مکمل ڈھانپ کر تائی کووانڈو مقابلے میں حصہ لیا۔

18 سالہ ایتھلیٹ کی کامیابی پر سماجی میڈیا میں بھی خوشیاں منائی گئیں جن میں ایران کی مشہور اداکارہ ترانہ علی دوستی سمیت کئی شخصیات شامل ہیں۔

لیدا فریمان 1992 کے بارسلونا اولمپکس میں شوٹنگ کے مقابلوں میں حصہ لے کر اولمپک مقابلوں میں حصہ لینے والی پہلی ایرانی خاتون بن گئی تھیں۔

کیمیا علی زادہ نے ایرانی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ ریو میں اپنی کامیابی پر بہت پرجوش تھیں اور امید ہے کہ اگلے اولمپکس میں ایرانی خواتین سونے کا تمغہ جیت پائیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں