’جوملک کاغدار ہے،وہ موت کاحقدار ہے‘، کراچی میں نئے بینرز

اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2016
کئی مقامات پر بینرز پر ’اہلیان پاکستان‘ بھی نظر آیا  — فوٹو:  ڈان نیوز
کئی مقامات پر بینرز پر ’اہلیان پاکستان‘ بھی نظر آیا — فوٹو: ڈان نیوز
بینرز کے آخر میں ’اہلیان کراچی‘ لکھا گیا ہے — فوٹو:  ڈان نیوز
بینرز کے آخر میں ’اہلیان کراچی‘ لکھا گیا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی: شہر قائد کراچی میں ایک بار پھر 'نامعلوم افراد' کی جانب سے بینرز آویزاں کردیئے گئے، جن میں ملک سے غداری کی سزا موت قرار دی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں مرکزی شاہراہوں پر پینافلیکس بینر لگائے گئے ہیں، جن پر لال روشنائی سے تحریر درج ہے۔

شاہراہوں پر بلند مقامات پر لگائے گئے بینرز پر ’’جوملک کا غدار ہے، وہ موت کا حقدار ہے‘‘ تحریر ہے۔

بینرز کے آخر میں ’اہلیان کراچی‘ اور ’اہلیان پاکستان‘ پرنٹ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ ہائیکورٹ، ریگل چوک پر 'متحدہ کے دھمکی آمیز'بینر

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں کراچی میں 'نامعلوم افراد' کی جانب سے بینرز لگانے کا سلسلہ شروع ہوا ہے، جن میں مختلف جملے تحریر کیے گئے ہوتے ہیں۔

کراچی میں2 روزقبل لگایا گیا بینر—فوٹو:ڈان نیوز
کراچی میں2 روزقبل لگایا گیا بینر—فوٹو:ڈان نیوز

2 روز قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کے حق میں سندھ ہائی کورٹ کے باہر دھمکی آمیز بینرز لگائے گئے تھے، جن پر ’’جو قائدِ تحریک کا غدار ہے، وہ موت کا حق دار ہے‘’ تحریر تھا، تاہم ایم کیو ایم لندن سیکریٹریٹ سے تعلق رکھنے والے متحدہ رہنما ندیم نصرت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ایم کیو ایم کا مذکورہ بینرز سے کوئی تعلق نہیں۔

’اللہ نامعلوم افراد کو ہدایت دے‘

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ان بینرز کے حوالے سے کہا کہ کراچی میں نامعلوم افراد کی جانب سے بینرز لگانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

راشد منہاس شہید کی قبر پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ شہر میں نامعلوم افراد بینر لگارہے ہیں اللہ تعالیٰ انہیں ہدایت دے۔

یہ بھی پڑھیں: الطاف حسین نے کیا کہا. . .

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 22 اگست کو ریڈ زون کے قریب قائم کراچی پریس کلب (کے پی سی) کے باہر ایم کیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیٹھے کارکنوں سے متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے پاکستان مخالف نعرے لگوائے تھے جبکہ کارکنوں کو میڈیا کے دفاتر پر حملوں کے لیے اشتعال دلایا تھا۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی اورآنسو گیس کا استعمال کیا، اس موقع پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔

اسی روز الطاف حسین نے امریکا میں بھی کارکنان سے خطاب کیا تھا، جس کی آڈیو کلپ انٹرنیٹ پر سامنے آئی جس میں الطاف حسین نے کہا کہ 'امریکا، اسرائیل ساتھ دے تو داعش، القاعدہ اور طالبان پیدا کرنے والی آئی ایس آئی اور پاکستانی فوج سے خود لڑنے کے لیے جاؤں گا

ان واقعات کے بعد رینجرز اور پولیس نے شہر بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے مرکزی دفتر نائن زیرو سمیت متعدد سیکٹرز اور یونٹس بند کر کے بیشتر رہنماؤں اورکارکنوں کو گرفتارکرلیا تھا۔

بعد ازاں انتظامیہ نے کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں موجود متحدہ قومی موومنٹ کے غیر قانونی دفاتر کو مسمارکرنے کا آغازکیا جو تاحال جاری ہے، رپورٹس کے مطابق اب تک متحدہ کے درجنوں دفاتر مسمار کیے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی کی جانب سے اپنے بانی اور قائد سے قطع تعلق اور پارٹی کے تمام فیصلے پاکستان میں کرنے کا اعلان کیا جبکہ ترمیم کرکے تحریک کے بانی الطاف حسین کا نام پارٹی کے آیئن اور جھنڈے سے بھی نکال دیا گیا۔

مزید پڑھیں : الطاف حسین کے خلاف کارروائی کیلئے برطانیہ کو ریفرنس

الطاف حسین کے پاکستان مخالف بیان پر حکومت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی کے خلاف کارروائی کے لیے ریفرنس برطانیہ بھیج چکی ہے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق ریفرنس میں برطانیہ سے عوام کو تشدد پر اکسانے اور بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف قومی اسمبلی میں بھی متفقہ قرارداد منظور ہو چکی ہے، ایوان میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے بھی اس قرار داد کی حمایت کی گئی تھی.


تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai Sep 08, 2016 02:28am
کتنی مضحکہ خیز بات ھے کہ دن دھاڑے کراچی کے مصروف ترین جگہوں پر ایک دوسرے کے حلاف بینر آویزاں کئے جارہے ھیں لیکن ھر طرف نامعلوم کا رٹ لگا ھوا ھے اخر یہ لوگ فرشتے ھیں جو کسی کو نظر نہیں آرہے ھیں . ایسی بینر آویزاں کرنے کا واحد مطلب اور مقصد شرانگیزی ھے میں یہ بات بلکل ماننے کو تیار نہیں ھوں کہ اسطرح کے بینر نامعلوم افراد نے لگائے ھیں یا لگا سکتے ھیں یہ بینر شرپسندوں نے لگائے ھیں جنکا مقصد کراچی کے حالات خراب کرنا ھے ایسے بینر ایم کیو ایم لگا سکتی ھے جن سے کراچی والے ڈرتے ھیں یا وہ لوگ لگا سکتی ھے جن سے ایم کیو ایم ڈرتی ھے