نعتِ رسول اللہ ﷺ اردو محققین کی نظر میں

اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2017
اردو شاعری اور بالخصوص نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے دلچسپی رکھنے والے ہر شخص کے کتب خانے میں یہ کتابیں ضرور ہونی چاہیئں۔
اردو شاعری اور بالخصوص نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے دلچسپی رکھنے والے ہر شخص کے کتب خانے میں یہ کتابیں ضرور ہونی چاہیئں۔

اردو ادب اور شاعری میں نعت کی صنف میں بے پناہ کام ہوا اور اب بھی جاری ہے۔ یہ ایک ایسی صنفِ سخن ہے جس کو اپنانے کے لیے تخلیق کے ساتھ ساتھ باادب ہونے کے تمام تقاضے بھی پورے ہونے چاہیئں۔ اس لیے قسمت والے ہوتے ہیں جن کو اس صنفِ ادب پر کام کرنے کا اعزاز نصیب ہوسکے۔

اس صنفِ سخن کے حوالے سے تازہ اور متاثرکن تحقیقی کام کتابی صورت میں سامنے آیا، اس میں سے تین کتابوں کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں سب سے بڑی خوبی ان کی تحقیقی گہرائی کا ہونا ہے۔ ان تبصروں کے ذریعے یقینی طور پر قارئین ان کتب سے مستفید ہوسکیں گے۔


کتاب: اردو نعت کی شعری روایت (تعریف، تاریخ، رجحانات، تقاضے)

یہ کتاب نعتیہ ادب میں تازہ تحقیقی و تنقیدی اضافہ ہے۔ اس کے مصنف صبیح رحمانی ہیں جنہوں نے نعت کے میدان میں ہمہ جہت خدمات انجام دیں۔

اس کتاب کے تذکرے سے پہلے قارئین کو یہ بتانا ناگزیرہے کہ اس کتاب کے مصنف نعت کے حوالے سے شایع ہونے والے پاکستان کے مقبول ترین جریدے ’نعت رنگ‘ کے مدیر بھی ہیں، جس کا پہلا شمارہ اپریل 1995 میں شایع ہوا تھا۔

اس تناظر میں ان کا وسیع پس منظر ہے۔ یہ کتاب اسی ریاضت کی آئینہ دار ہے۔ یہ نعت ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر بھی ہیں، جس کا قیام 2002 میں عمل میں آیا تھا۔

ان کی زیرِ نظر کتاب پانچ ابواب، تعریف، تاریخ، رجحانات، تقاضے اور اہل دانش کی آراء پر مشتمل ہے۔ اردو نعت کی شعری روایت کو اس کتاب کی صورت میں مصنف نے دریا کو کوزے میں بند کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے کیوں کہ یہ کتاب نہ صرف نعت گوئی سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک نادر دستاویز ہے، بلکہ عام قاری اور بالخصوص تحقیق کے طلبا کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔


- کتاب: اردو نعت کی شعری روایت (تعریف، تاریخ، رجحانات، تقاضے)

- مصنف: صبیح رحمانی

- صفحات: 624

- ناشر: اکادمی بازیافت، کراچی

- قیمت: 1000 روپے

اس کتاب کے بارے میں پاکستان سے معروف نقاد و اور ماہرِ اقبالیات فتح محمد ملک اور صوفی منش دانشور احمد جاوید، جبکہ ہندوستان سے معروف نقادوں ابوالکلام قاسمی اور شمس الرحمان فاروقی نے اپنے تاثرات قلم بند کیے ہیں۔

کتاب کا انتساب محمد حسن عسکری کے نام ہے، جنہوں نے پہلی بار اردو نعت کی ادبی، جمالیاتی اور فکری اقدار کا تعین کیا تھا۔ کتاب میں شامل مشاہیر کی ایک کثیر تعداد ایسی ہے، جن کی تحریریں متعلقہ موضوع پر مقبولِ عام ہیں۔

کم و بیش اردو ادب کے تمام نمایاں دانشور اس تحقیق کا حصہ بنے ہیں۔ اتنے وسیع پیمانے پر تحریروں کو یکجا کرنے کا ہنر صبیح رحمانی کے مزاج کا خاصا ہے اور اس موضوع پر ان کے خلوص کی گواہی بھی، جس کا ہر ورق ان کی محنت اور محبت کی عکاسی کر رہا ہے۔ کتاب کے ناشر معروف افسانہ نگار اور شاعر مبین مرزا نے بھی اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کتاب کو دلکش انداز میں شایع کیا ہے۔


کتاب: اردو نعت پاکستان میں (پی ایچ ڈی کا تحقیقی مقالہ)

زیرِ نظر کتاب کا موضوع پاکستان میں نعتیہ شاعری کا تحقیقی جائزہ ہے۔ یہ ڈاکٹر شہزاد احمد کا تحقیقی مقالہ ہے۔ وہ ماہرِ حمد و نعت، نقاد، ادیب اور شاعر ہیں، جامعہ کراچی سے پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید کی نگرانی میں انہوں نے یہ مقالہ مکمل کیا۔

پاکستان میں اس موضوع کے حوالے سے یہ اولین کوشش ہے۔ ڈاکٹر شہزاد احمد کا یہ تحقیقی مقالہ، جس کو کتابی شکل دی گئی ہے، کل 8 ابواب پر مشتمل ہے، جن کے عنوانات کی ترتیب کچھ یوں ہے۔ نعت گوئی کا تحقیقی و تجزیاتی مطالعہ (عربی، فارسی اور اردو نعت)، قیامِ پاکستان اور استحکام پاکستان میں نعت گو شعراء کا حصہ، پاکستان کے چند معروف نعت گو شعراء کا تذکرہ، نعت کے سلسلے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات، پاکستان میں اردو نعت گوئی کے آئندہ اثرات، پاکستان میں نعتیہ صحافت (ایک جائزہ) پاکستان میں نعتیہ تذکرہ نگاری کی روایت، خلاصہ، بحث اور تجاویز۔

کتاب کے آخر میں انہوں نے حمدونعت کے تناظر میں خاص کتابوں کی فہرست بھی شایع کر دی ہے جس سے بالخصوص طلباء بھرپور استفادہ کرسکیں گے۔


- کتاب: اردو نعت پاکستان میں (پی ایچ ڈی کا تحقیقی مقالہ)

- مصنف: ڈاکٹر شہزاد احمد

- صفحات: 800

- حمد و نعت ریسرچ فاؤنڈیشن، کراچی

- قیمت: 1200 روپے

کتاب میں معروف دانشور اور نعت خواں صبیح رحمانی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے، جس کو پڑھ کر ڈاکٹر شہزاد احمد کی حمد و نعت کے سلسلے میں وسیع تر ریاضت کے بارے میں آگاہی ہوتی ہے۔

ڈاکٹر شہزاد احمد برس ہا برس سے اپنے متعلقہ موضوع پر کام کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف خود اس موضوع پر اپنی زندگی وقف کر دی، بلکہ متعدد طلباء میں بھی اس موضوع کی دلچسپی و اہمیت کو فروغ دیا۔ پاکستان بھر میں اس موضوع سے متعلقہ شخصیات سے بھی رابطے میں رہے، کسی نہ کسی صورت میں یہ اس موضوع کے لیے خود کو مرکوز کیے رکھا۔ ان کی نیت شوق اور مسلسل محنت کا ایک عملی نمونہ یہ تحقیقی مقالہ ہے، جس کو نعتیہ تحقیق کے میدان میں ایک سنگ میل کی حیثیت حاصل رہے گی۔


کتاب: نعت انسائیکلوپیڈیا (جلد اول)

زیرِ نظر کتاب ایک نعتیہ انسائیکلوپیڈیا کی جلد اول ہے، جس کے مرتب کنندہ ڈاکٹر محمد طہور خان تھے۔ نعتیہ تحقیق کے حوالے سے یہ ایک جامع منصوبہ تھا، جس کے تحت انسائیکلوپیڈیا کو حروفِ تہجی کی ترتیب میں سات جلدوں پر تیار ہونا تھا۔ پہلی جلد الف ممدودہ اورالف مقصورہ پر مبنی ہے، مگر ڈاکٹر صاحب کا قضائے الہٰی سے انتقال ہوگیا، جس کی وجہ سے یہ شاندار منصوبہ ادھورا رہ گیا۔ امید کی جاتی ہے کہ نعتیہ ادب سے شغف رکھنے والے محقق اور طلبا میں سے ضرور کوئی اس سلسلے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی خدمات پیش کرے گا تاکہ اس علمی کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔


- کتاب: نعت انسائیکلوپیڈیا (جلد اول)

- مصنف: مولانا ڈاکٹر محمد طہور خان پارس

- صفحات: 520

- رنگِ ادب پبلیکیشنز، کراچی

- قیمت: 600 روپے

اس کتاب پر کاوش عمر، عبدالحمید ساقی، جاوید رسول جوہر اشرفی کے علاوہ کتاب کے ناشر شاعرعلی شاعر نے اپنے تاثرات قلم بند کیے ہیں۔

زیرِ نظر تالیف کردہ نعتیہ انسائیکلوپیڈیا اس موضوع پر ایک وقیع تصنیف ہے۔ یہ اردو نعت کا عالمی انتخاب ہے، جس کی پہلی جلد میں 445 نعت گو شعراء کا تعارف اور منتخب نعتیں شامل کی گئی ہیں، جن میں پاکستان کے علاوہ دنیا بھر سے نعت کہنے والوں کو بلا تفریقِ مذہب شریک کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر صاحب کا دیباچہ بھی نعت کے موضوع پر ان کی جدوجہد کو بیان کرتا ہے۔ نہایت باریک بینی اور وسعتِ علم کے ذریعے انہوں نے ایک شاندار علمی بنیاد ڈالی، جس کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اب کوئی بھی محقق اس اہم کام کو آگے بڑھا سکتا ہے۔ یہ پہلی جلد اس کے لیے نمونے کا کام کرے گی۔

قارئین اور طلباء کے علاوہ نعت گو شعراء بھی اس سے فائدہ حاصل کرسکیں گے، کیوں کہ اس میں شامل کئی نام ایسے ہیں جو پہلی مرتبہ منظرِ عام پر آئے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

yusuf Sep 22, 2016 08:13pm
valuable information. Thanks