جنگ گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اغواء
پشاور: پاکستان کے ایک بڑے میڈیا ہاؤس جنگ گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور سے اغواء کرلیا گیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے ایک سینئر پولیس عہدیدار مشتاق خان کے حوالے سے بتایا کہ جنگ گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عابد عبداللہ کو اُس وقت اغواء کیا گیا جب وہ ایک مقامی پرنٹر سے ملاقات کے بعد ہوٹل جانے کے لیے نکلے۔
وہ منگل 27 ستمبر کو ہی اسلام آباد سے پشاور پہنچے تھے۔
مشتاق خان کے مطابق عابد عبداللہ کے ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان کی کار کو روکا اور انھیں ایک دوسری گاڑی میں منتقل کرکے تیزی سے روانہ ہوگئے۔
عابد عبداللہ کو اغواء کیے جانے کے محرکات کے حوالے سے کچھ علم نہ ہوسکا۔
مزید پڑھیں:جیو ٹی وی کے صحافی پر اغوا کے بعد تشدد
اس سے قبل جولائی 2015 میں بھی جیو نیوز کے کراچی میں بیورو چیف فہیم صدیقی کو ناظم آباد کے علاقے میں نامعلوم افراد نے اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
پولیس نے بتایا تھا کہ فہیم صدیقی کو 4 نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا، جن میں سے 3 افراد نے پولیس کی وردیاں پہن رکھی تھی جبکہ ایک سادہ لباس میں تھا۔