کراچی: وفاقی حکومت نے بحرین کے بادشاہ شیخ حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ سمیت شاہی خاندان کی دیگر اعلیٰ شخصیات کو نایاب پرندوں کے شکار کیلئے 7 خصوصی پرمٹ جاری کردیے۔

ذرائع کے مطابق یہ پرمٹ ملک میں 17-2016 میں تلور کے شکار کیلئے جاری کیے گیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ اور بلوچستان میں نایاب پرندے کے شکار کیلئے جن افراد کو پرمٹ جاری کیے گئے ہیں ان میں بادشاہ کے ایک بزرگ رشتہ دار، ان کے مشیر دفاع، ایک فیلڈ مارشل اور آرمی چیف جبکہ شاہی خاندان کے دیگر دو اراکین شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ناصرف ان نایاب پرندوں کے شکار کی پابندی کے حوالے سے مختلف بین الاقوامی نوعیت کے تحفظ کے کنونشنز پر دستخط کررکھے ہیں بلکہ ملک کا جنگلی حیات کے تحفظ کا قانون بھی ان پرندوں کے شکار کو ممنوع قرار دیتا ہے۔

خیال رہے کہ مذکورہ پرمٹ پر وفاقی وزارت خارجہ کے ڈپٹی چیف آف پروٹوکول نعیم اقبال چیمہ نے دستخط کیے ہیں اور ان کو اسلام آباد میں موجود بحرین کے سفارت خانے کے ذریعے ان کے شاہی خاندان کو بھجوا دیا گیا ہے۔

نعیم اقبال چیمہ کی جانب سے مشرق وسطیٰ کی ریاست کے شاہی خاندان کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 'پاکستان کی وزارت خارجہ اسلام آباد میں قائم بحرین کے سفارت خانے کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہے اور بحرین کے بادشاہ کی جانب سے 17-2016 میں تلور کے شکار کا انتظام کرنے کیلئے متعلقہ صوبوں کی انتظامیہ کو تجویز بھجوا دی گئی ہیں'۔

خط کے مندرجات کے مطابق بحرین کے بادشاہ کو سندھ میں ضلع جامشورو کا علاقہ شکار کیلئے فراہم کیا جائے گا، جس میں تھانو بولا خان، کوٹری، منجہاند اور سہون کی تحصیلیں شامل ہیں۔

بحرین کے بادشاہ کے بزرگ رشتہ دار شیخ ابراہیم بن حماد بن عبداللہ الخلیفہ کو شاہ بہادر تحصیل اور جان آباد، اور ضلع ٹھٹھہ کی سونڈا یونین کونسل میں شکار کی اجازت دی گئی ہے۔

بحرین کے مشیر دفاع شیخ عبداللہ بن سلمان الخلیفہ ضلع ٹھٹھہ کی تحصیل تاجی میں تلور کا شکار کریں گے۔

اس کے علاوہ بحرین کے فیلڈ مارشل اور بحرین کی دفاعی فورسز کے چیف کمانڈر شیخ خلیفہ احمد الخلیفہ بلوچستان کے ضلع ماشوخیل کی تحصیل تویسار میں تلور کا شکار کریں گے۔

جبکہ بحرین کے بادشاہ کے کزن اور وزیر داخلہ لیفٹننٹ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ بلوچستان کے ضلع جعفر آباد میں تلور کا شکار کریں گے۔

یہ رپورٹ 28 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Imran Dec 29, 2016 06:06pm
Na insaan mehfoz na Prinday Mehfoz Ye apni sari Doolat laga ker iss gharat maand europe meen aik chiria bhi nai mar sakty. aur issay kehtay hain Insaf.