ٹریفک جام سے پریشان ارب پتی شخص کا انوکھا حل

26 جنوری 2017
ایلون مسک — رائٹرز فائل فوٹو
ایلون مسک — رائٹرز فائل فوٹو

انسان چاہے امیر ہو یا غریب، ٹریفک جام ایک ایسا مسئلہ ہے جو سب کو پریشان کرتا ہے اور اس مشکل سے تنگ آکر ایک ارب پتی شخص نے اس کا انوکھا حل پیش کردیا ہے۔

معروف کمپنیوں اسپیس ایکس، ٹیسلا اور پے پال کے بانی ایلون مسک نے گزشتہ ماہ ٹریفک کے مسئلے کی شکایت ٹوئٹر کے ذریعے کی۔

انہوں نے کہا کہ اس کا ممکنہ حل یہ ہے کہ وہ ایک سرنگ کھودنے والی کمپنی 'دی بورنگ کمپنی' شروع کردیں۔

ان کا تو کہنا تھا 'میں حقیقت میں ایسا کرنے والا ہوں'، اور ساتھ ہی انھوں نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کی بائیو میں ٹیسلا، اسپیس ایکس اور اوپن اے آئی کے ساتھ ٹنلز کو بھی شامل کردیا۔

بدھ کو انہوں نے اس دعویٰ کو دہراتے ہوئے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ اس بارے میں سنجیدہ ہیں۔

ان کے بقول سرنگوں کے معاملے میں پرجوش پیشرفت ہوئی ہے اور کھودنے کے منصوبے کا آغاز ایک ماہ یا اس کے بعد ہوجائے گا۔

ویسے تو ٹریفک کے مسئلے کا حل سرنگیں کھود کر نکالنا کچھ عجیب لگتا ہے مگر ایلون مسک کے دیگر منصوبوں جیسے ہائپر لوگ یا مریخ تک انسان بردار مشن بھیجنے سے زیادہ عجیب نہیں۔

تاہم سرنگیں کھودنا تکنیکی لحاظ سے تو ممکن ہے مگر لاجسٹک لحاظ سے درد سر سے کم نہیں۔

تو کیا واقعی ایلون مسک اپنے گھر سے دفتر تک ایک سرنگ کھود سکیں گے، اس کا جواب تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں